نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم،ہلوکی میں 35 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائینگے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم کے تحت ہلوکی میں 8 ہزار کنال پر 35ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے،پہلے مرحلے میں 10 ارب روپے کی لاگت سے 650کنال اراضی پر 4000 اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت ایل ڈی اے سٹی میں شامل موضع ہلوکی میں واقع آٹھ ہزار کنال اراضی پر 35ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے،پہلے مرحلے میں چار ہزار فلیٹس تعمیر کرنے کا کام ڈیڑھ سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، موضع ہلوکی میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کےلئے 20 ارب روپے کا پی سی ون منظور کیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت تقریباً10 ارب روپے کی لاگت سے چار منزلہ اپارٹمنٹس کے125بلاک تعمیر کئے جائیں گے،ایک بلاک32رہائشی یونٹوں پر مشتمل ہوگا،ہر اپارٹمنٹ کا رقبہ650مربع فٹ ہوگا جو دو بیڈ رومز پر مشتمل ہوگا۔
ایل ڈی اے کی طرف سے ایک اپارٹمنٹ کی قیمت27لاکھ چھ ہزار پانچ سو روپے مقرر کی گئی ہے،قسطیں آسان ماہانہ اقساط میں وصول کی جائے گی، الاٹمنٹ کےلئے درخواستیں بینک آف پنجاب کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔
وزیرہاﺅسنگ پنجاب میاں محمود رشید کاکہنا ہے کہ اخبارات،ٹیلی ویژن چینلز اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے اشتہار دیئے جائیں گے، اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کےلئے ٹینڈر طلب کئے جا چکے ہیں۔