(24نیوز)وفا قی حکومت کی جانب سے 2 لاکھ 96 ہزار470 ملازمین کی تنخواہوں میں 25فیصد اضافے سے قومی خزانے پر 21ارب سالانہ کا بوجھ پڑے گا۔
تفصیلات کے مطا بق نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے نتیجے میں 3 لاکھ 26 ہزار745 ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فی صد اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ایکسٹرا الائونسز لینے والے محکموں کے ملازمین کی بھی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہو گا۔
اس فیصلے کے بعد ایوان صدر، وزیر اعظم سیکرٹریٹ ،سینٹ اور قومی اسمبلی کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ ایف بی آر ،شعبہ صحت،نیب،اعلیٰ عدلیہ اور وفاقی پولیس کے ملازمین بھی تنخواہوں میں اضافہ سے محروم رہیں گے۔ اسی طرح موٹروے پولیس،ایئرپورٹ سکیورٹی فورس،انٹیلی جنس بیورو،آئی ایس آئی اور ایف آئی اے کے ملازمین کی تنخواہیں نہیں بڑھیں گی۔لاء اینڈ جسٹس کمیشن،پارلیمانی افیئر ڈویژن اور اسلام آباد ماڈل پولیس کے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ نہیں کیا جارہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ایسے ملازمین جن کوپہلے ہی 100فیصد اہڈہاک ریلیف مل رہا ان کو موجودہ اضافہ نہیں ملے گا۔
نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ موجودہ اضافہ ان ملازمین کے لیے ہو گا جن کو بنیادی تنخواہ کے برابر اضافی تنخواہ یا پرفارمنس الائونس نہیں دیا جارہا۔حکام کے مطابق متعددوفاقی اداروں کے ملازمین کو بنیادی تنخواہ کا تین سو فیصد تک الائونس کی مد میں دیا جا رہا ہے۔ ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کم کرنے کے لیے ایڈہاک ریلیف دیا جا رہا ہے۔