(24نیوز)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں سید مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کی گورنر ہاؤس میں ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں صوبہ کی مجموعی سیاسی صورتحال ، معاشی مسائل ،شہر قائد کے انفرا اسٹرکچر کے ترقیاتی منصوبوں، اس ضمن میں وفاق کے تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ شہر قائد کو روشنیوں کا شہر بنانے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا ، ملک کے معاشی حب کراچی کی تعمیر و ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، شہر قائد کے باسیوں کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل رہا ہوں۔
گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ تنقید کی پرواہ نہیں لوگوں کو جوڑنے کا کام جاری رکھوں گا ،اس مقصد کیلئے کسی کے پاس بھی جانے کے لئے تیار ہوں ۔
ایم کیو ایم کےرہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ صوبہ کے عوام کی احسن انداز میں خدمت کررہے ہیں، سرسبز و شاداب کراچی کا خواب ان کی کاوشوں کی بدولت جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔