(24نیوز)وزیرآباد کے نواحی علاقہ ساروکی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 سگے بھائیوں سمیت 4 افراد قتل جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
مقتولین کی عمریں 13 ,14، 15 اور 24 سال بتائی جارہی ہے جبکہ زخمیوں میں راہگیر 7 سالہ سلمان بھی شامل ہے، پولیس تھانہ احمد نگر نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد منتقل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ احمد نگر کے علاقے ساروکی میں مبینہ طور پر سابقہ رنجش کی بنیاد پر 4افراد قتل جبکہ 3افراد شدید زخمی ہو گئے ، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شبریز ، حسیب ، اورنگزیب اورگلریز ناصر تین بھائی طالب علم اپنے دوست بلال فیض کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر سکول سے گھر واپس آ رہے تھے کہ راستہ میں گھات لگائے نامعلوم ملزموں نے فائرنگ کر دی جس سے تینوں موٹر سائیکل سوار طالب علم نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے اورنگزیب شدید زخمی ہو گیا۔
فائرنگ کی زد میں آکر راہگیر 7 سالہ سلیمان اور اس کا والد روزی خان بھی شدید زخمی ہو گئے، تینوں زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سول ہسپتال وزیرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ بتایا جاتا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی اس دشمنی کے باعث دونوں گروپ کے دو افراد قتل جبکہ کئی زخمی ہو چکے ہیں۔
احمد نگر پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مقامی ہسپتال وزیرآباد منتقل کر دیں۔
علاوہ ازیں چار افراد کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے،آر پی او گوجرانوالہ کے مطابق ملزم کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ، ملزم نے 4 افراد کو دیرینہ دشمنی کے باعث قتل کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزموں کیخلاف 7 گھنٹے گزرنے کے باوجود مقدمہ درج نہ ہو سکا، مقدمہ کے اندراج کے بعد لاشوں کا پوسٹمارٹم ہو گا ۔