(راؤ دلشاد)پنجاب اسمبلی کے مزید 6 آزاد ارکان کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات، پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر اور وزیر اعلی پنجاب کی نامزد امیدوار مریم نواز شریف سے ملاقات میں مزید 6 آزاد ارکان نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا، پی پی 132 ننکانہ سے سلطان باجوہ، پی پی 225 لودھراں سے شازیہ ترین، پی پی 289 ڈیرہ غازی خان سے محمود قادر لغاری، پی پی 288 ڈیرہ غازی خان سے حنیف پتافی، پی پی 94 چنیوٹ سے تیمور لالی اور پی پی 283 لیہ سے علی اصغر گورمانی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔
مریم نواز شریف کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی کا شکریہ اور ان کے فیصلے کا خیر مقدم، نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے قائد محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا،مریم نواز کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آپ کی شمولیت سے پنجاب کے عوام کی خوشحالی کا مقصد حاصل ہوگا، ماضی کی تباہی سے عوام کو نجات دلا کر خوشحال مستقبل سے ہم کنار کریں گے، نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیر اعلی نامزد ہونے پر مریم نواز شریف کو مبارک دی۔
یہ بھی پڑھیں ؛ حکومت سازی مشن ، پیپلز پارٹی اور لیگی رہنماؤں کا پہلا اجلاس