پرویزالٰہی کی پھرتیاں: اسمبلی کی تحلیل کیساتھ ہی گجرات کیلئے 100 فیصد فنڈز منظور

Jan 14, 2023 | 14:59:PM

(علی رامے) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور ان کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی پھرتیاں، پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے ساتھ ہی گجرات اور منڈی بہاؤالدین کو 100 فیصد فنڈز جاری کر دیئے۔ وزیر اعلی پنجاب اور ان کے پرنسپل سیکرٹری نے اپنے آبائی شہر گجرات اور منڈی بہاو الدین کے لیے مختص 41 ارب روپے کے مکمل فنڈز جاری کرالئے۔

 وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی اور ان کے پرنسپل سکریٹری محمد خان بھٹی نے پانچ ماہ میں اپنے آبائی ضلع گجرات اور منڈی بہاوالدین کے لیے 127 ارب روپے مالیت کے منصوبوں کو بجٹ کا حصہ بنایا، جس پر اب وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور ان کے پرنسپل سیکرٹری نے آبائی شہروں کو 100 فیصد فنڈز جاری کرا دئیے ہیں۔ اسمبلی تحلیل کے ساتھ ہی جمعہ کے روز گجرات اور منڈی بہاؤالدین کو 100 فیصد فنڈ جاری کردیا گیا۔

24 نیوز کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق وزیراعلی نے اپنے آبائی شہر گجرات کے لیے مختص 100 فیصد بجٹ جاری کرالیا جس میں رواں مالی سال کے بجٹ میں مختص کردہ 28 ارب 97 کروڑ روپے کے تمام فنڈز گجرات کو جاری کر دئیے گئے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے آبائی ضلع منڈی بہاؤالدین کو بھی 100 فیصد  فنڈز مل گئے۔ منڈی بہاؤالدین کو رواں مالی سال کے بجٹ میں مختص 12 ارب 64 کروڑ روپے کے تمام فنڈز جاری کردئیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق گجرات اور منڈی بہاؤالدین کے لیے مجموعی طور 5 ماہ میں 127 ارب روپے مالیت کے منصوبوں بجٹ کا حصہ بنایا گیا ہے جس میں رواں مالی سال کے بجٹ میں گجرات اور منڈی بہاؤالدین کے لیے 41 ارب روپے کے فنڈ مختص کیے گئے تھے۔

بجٹ میں مختص شدہ تمام فنڈز گجرات اور منڈی بہاؤالدین کو جاری ہو چکے ہیں جبکہ جاری کردہ 41 ارب روپے کے فنڈ میں سے گجرات اور منڈی بہاؤالدین پر 5 ماہ میں 27 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب بھر کے لیے مختص شدہ 726 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ سے اب تک 467 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ 248 ارب روپے استعمال کیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں