ہم بھی کیا عجیب قوم ہیں ، کسی حال میں بھی نہ خود خوش رہتے ہیں،نہ کسی دوسرے کو رہنے دیتے ہیں،کوئی اچھا کرے تو بھی ہمیں مسئلہ رہتاہے اور کوئی برا کرے تو پھر بھی مسئلہ رہتاہے،چلیں برائی پر اعتراض تو سمجھ کی بات ہے مگر اچھے عمل پر بھی تنقید کے نشترہماری ذہنی استعداد سے پردہ اٹھاتی ہے،گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان سے معروف موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ نے ملاقات کی،تصویریں اور خبریں ریلیز ہوتے ہی ہم نے آسمان سر پر اٹھا لیا،ایسا کیوں ہے؟ کیا ہم اتنے ہی ویہلے (فارغ)ہوگئے ہیں،ہماری فراغت کا کیا یہ عالم ہے کہ ہم ہروقت تنقید ہی کرتے رہتے ہیں؟
میں سنتا ہوں،یقینا آپ بھی سنتے ہوں گے اور یہ بھی ممکن ہے آپ خود بھی یہی رائے رکھتے ہوں کہ سیاست دان اچھے ہونے چاہیں،پارسا،نیک سیرت،مکمل ایماندار،مکمل دیانتدار،صادق اور امین ۔۔۔۔زیادہ مبالغہ آرائی نہ ہو تو یہ بھی ہم ہی ہیں جو مکمل ولی اللہ قسم کے سیاست دان کی خواہش رکھنے والے ہیں،یہ ہم ہی ہیں کہ مسجد سے جوتے بھی چرا لیتے ہیں،کولر کیساتھ رکھے گلاس کو غائب کردیتے ہیں،ہم علم حاصل کرنے کیلئے کتابیں تک چرا لیتے ہیں بلکہ موقع ملے تو کچھ بھی نہیں چھوڑتے،ہم سفارش کے خلاف ہیں مگر ہمیں ہسپتال کی پرچی، نادرا دفتر،ریل کی ٹکٹ،پولیس سٹیشن،عدالتوں اور ہرجگہ پر پروٹوکول چاہیے،وہ سب کام کرتے ہیں جن کاموں پر ہم تنقید بھی خوب کرتے ہیں،ہم بچوں کو سبق دیتے ہیں کہ بیٹا گالی نہیں دینی،بڑوں کا احترام کرتے ہیں،دوسروں کی مدد کرتے ہیں لیکن ہم خود کیا کرتے ہیں یہ ہم سے بہتر کون جان سکتاہے بھلا؟ بات اچھے سیاست دان کی خواہش سے نکلی تھی تو اسی پر واپس چلتے ہیں کہ جب ہمیں سیاست دان اچھا چاہیے پھر اچھے سیاستدان اور اچھے بندے کے سیاست میں آنے،الیکشن لڑنے،اسمبلی میں جانے پر تنقید کیوں کرنا شروع کردیتے ہیں؟۔۔۔کیا آپ سمجھتے ہیں کہ قومی اسمبلی وصوبائی اسمبلی کے سبھی کامیاب امیدوار چور ہیں؟۔۔ کیا سبھی لٹیرے ہیں؟ اگر واقعی ایسا ہے تو پھر مجھے بتائیں ہم کون ہیں؟
ہم میں سے ایک بڑی تعداد قاسم علی شاہ کو لاکھوں میں دیکھتی اورسنتی ہے،ان کے ساتھ تصویر بنوانا چاہتی ہے،ان کیساتھ گپ شپ لگانا چاہتی ہے،ہم میں سے کئی لوگوں کو قاسم علی شاہ سے ملاقات کی خواہش ہے،یعنی ہم میں سے اکثر قاسم علی شاہ کو اچھا سمجھتی ہے پھر ایک اچھے بندے کے سیاست میں آنے کی ہماری ہی خواہش پورے ہونے پر ہم برا کیوں منا رہے ہیں؟اگر اچھا سیاست دان چاہیے تو پھر وہ کہاں سے آئے گا؟ ہمیں جماعت اسلامی،جمعیت علماء اسلام،سنی تحریک، ٹی ایل پی اور دیگرمذہبی جماعتوں کے مولوی بھی اچھے نہیں لگتے،ہم نے فضل الرحمان کو ڈیزل کا لقب دیدیا،ہم نے سیاست میں آنے والے ہر مولوی کو رد کردیا،ہمیں اچھا بندہ بھی سیاست میں چاہیے مگر اچھے بندے کو سیاست میں آنے پر لعن طعن بھی ہمارا شیوہ ہے،یہ کیا ہے،ہم کیا چاہتے ہیں؟؟
سوچیے گا ضرور کہ ہمیں قاسم علی شاہ کی صورت میں اچھا سیاست دان چاہیے یا پھر روایتی سیاست دان ہی چلیں گے؟فیصلہ آپ نے کرنا ہے،فیصلہ آپ کے ضمیر کا ہے۔
قاسم علی شاہ جیسا سیاستدان چاہیے یا کچھ اور؟
مناظرعلی
Jan 14, 2023 | 15:23:PM