(ویب ڈیسک)چینی حکام نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران کورونا سے متاثر ہوکر مختلف امراض میں مبتلا تقریبا 60ہزار افراد ہلاک ہوچکے، جن میں سے زیادہ تر افراد زائد العمر تھے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کی نیشنل ہیلتھ کمیشن کے عہدیدار نے پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ8دسمبر 2022سے اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے تقریبا 60ہزار لوگ ہلاک ہوئے۔عہدیدار نے وضاحت کی کہ 5ہزار 5افراد سانس میں تکلیف کی وجہ سے ہلاک ہوئے، انہیں کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔
عہدیدار کے مطابق باقی 54 ہزار سے زائد افراد مختلف بیماریوں جیسا کہ کینسر، عارضہ قلب، گردوں اور پھیپھڑوں کی بیماریوں سمیت کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد چل بسے۔حکام نے بتایا کہ کورونا سے متاثر ہوکر ہلاک ہونے والے مختلف بیماریوں میں مبتلا زیادہ تر افراد کی عمریں 80 سال یا اس سے زائد تھیں جب کہ دوسرے نمبر پر 65 سال یا اس سے زائد کی عمر کے لوگ تھے۔
عہدیدار نے یہ انکشاف بھی کیا کہ دسمبر کے آغاز میں چین بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والے 30 لاکھ کے قریب لوگ افراد کو یومیہ ہسپتالوں اور کلینکس میں لایا جا رہا تھا مگر اب ان کیسز کی شرح میں نمایاں یعنی 87 فیصد کمی ہوچکی ہے اور اب یومیہ ساڑھے چار لاکھ لوگ ہسپتالوں میں آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر پنجاب کو ہٹانے سے متعلق درخواست پر لارجر بنچ تشکیل