پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

Jan 14, 2024 | 12:01:PM

(24 نیوز)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل آج ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔

میزبان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، توقع ہے کہ پاکستان اپنی اسی ٹیم کو برقرار رکھے گا جس نے پہلے میچ میں شرکت کی تھی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 46 رنز سے شکست دی تھی، میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 227 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں 180 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے سب سے زیادہ 57 رنز بنائے تھے، اوپنر صائم ایوب 27، محمد رضوان 25، فخر زمان 15 اور افتخار احمد 24 رنز بناکر آوٹ ہوئے تھے۔

ہیملٹن پہنچ کر پاکستان کے زیادہ تر کھلاڑیوں نے آرام کیا تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں محمد نواز، حسیب اللّٰہ، صاحبزادہ فرحان، وسیم جونیئر اور زمان خان نے ہملٹن میں دو گھنٹے کے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ 

یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی سیریز : پاکستان کرکٹ ٹیم ہملٹن پہنچ گئی
نیوزی لینڈ کرکٹر جوش کلارکسن سپر سمیش میں کھیلتے ہوئے انجری کا شکار ہوئے جس کے بعد وہ کندھے کی انجری کی وجہ سے پاکستان کیخلاف ٹی20 میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

نیوزی لینڈ ٹیم مینجمنٹ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کرکٹر جوش کلارکسن کی جگہ سینٹرل سٹیگز ول ینگ کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے، ول ینگ نیوزی لینڈ کے اسکواڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔

واضح رہے کہ کپتان کین ولیمسن پاکستان کیخلاف تیسرے میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، ان کی جگہ سٹیگز کو تیسرے میچ میں پلیئنگ الیون میں جگہ دی گئی تھی۔ آل راؤنڈر مچل سینٹنر کوویڈ-19 وائرس کا شکار ہوکر میچ سے باہر ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں