(24 نیوز)پی ٹی آئی چیئرمین کے گھر پر چھاپہ کیوں مارا؟ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکار معطل کردئیے گئے۔
بیرسٹرگوہر کےگھرپولیس جانے پر انکوائری کے حوالے سے ترجمان اسلام آباد پولیس کا بیان سامنے آیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 13 جنوری کو پولیس ایک مخبر کی اطلاع پر اشتہاری کی تلاش میں سیکٹر ایف سیون ٹو پہنچی، وہ گھر بیرسٹر گوہر کا ہے معلوم ہونے پر پولیس فوری واپس آگئی۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ میں اپنے گھر پولیس جانے کی شکایت کی، چیف جسٹس پاکستان نے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر کو طلب کیا اور معاملے کی تحقیق کا حکم دیا، معزز عدالت نے آئی سی سی پی او کو ذاتی طور پر بیرسٹر گوہر کی شکایت کو سننےکا کہا، جس پر آئی سی سی پی او اکبر ناصر خاں نے بیرسٹر گوہر کو تحقیق کی یقین دہانی کروائی۔
ضرور پڑھیں:بلے سے محروم پی ٹی آئی کے امیدواروں کو دلچسپ نشان الاٹ
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے آئی سی سی پی او نے کسی بھی پولیس افسر کے قصوروار ہونے پر کارروائی کی یقین دہانی کروائی اور ڈی پی او سٹی کو انکوائری افسر مقرر کرکے تفصیلی رپورٹ 3 دن میں طلب کی گئی۔ بیرسٹر گوہر کے گھر چھاپے کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او مارگلہ سمیت پانچ اہلکاروں کو تاحکم ثانی معطل کر دیا گیا ہے، معاملے کی تحقیقات ہو رہی ہیں، قانون کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہو گی۔