غزہ میں جنگ بندی،فریقین کامثبت ردعمل،اسرائیلی حملوں میں مزید 45فلسطینی شہید 

Jan 14, 2025 | 09:13:AM

(24نیوز)غزہ میں جنگ بندی  کے حوالے سے دوحہ میں جاری مذاکرات  میں فریقین کا مثبت  ردعمل سامنے آگیا ،اسرائیلی حملوں میں مزید 45فلسطینی شہید  ہو گئے۔

 غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  دوحہ میں جاری بات چیت میں اہم نکات پر خاطر خواہ پیشرفت ہوئی ہے، فریقین کو نئی ٹھوس تجویز پیش کی گئی ہے جس پر دونوں طرف سے مثبت رد عمل سامنے آیا ہے۔

 مزید پڑھیں:اسرائیلی بربریت جاری، پناہ گزین کیمپوں، ہسپتالوں پر حملے، مزید 28 فلسطینی شہید 

 ابتدائی مرحلے میں سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کو اسرائیلی جیلوں سے رہائی کے بدلے حماس کے ہاتھوں یرغمال 30 اسرائیلیوں کو رہا کرنےکی تجویز ہے۔

  اس حوالے سے قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی کےدفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے فریقین کے درمیان حتمی خلا کوختم کرنےمیں اہم کردارادا کیا، قطری وزیراعظم، حماس اور امریکی نومنختب صدر ڈونلڈٹرمپ کےنامزد مندوب برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے اسرائیل پر زور دیا تاکہ وہ معاہدے کے قائل ہوسکیں ۔

دوسری جانب پیر کے روز امیر قطر شیخ تمیم بن حمادالثانی نے حماس کے نمائندوں اور امریکی مندوبین وٹکوف اور بریٹ مک گرک سے ملاقاتیں کیں، امیرقطر نے حماس کے مذاکرات کار خلیل الہیہ سے سیزفائر مذاکرات میں پیشرفت پرگفتگو کی۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جوبائیڈن نے امیرقطر شیخ تمیم سےٹیلی فون پر گفتگو کی اور دوحہ میں جاری غزہ سیز فائرڈیل سےمتعلق مذاکرات پرتبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے یرغمالیوں کی رہائی کےلیے معاہدے پر فوری عملدرآمد اور سیزفائرکے ذریعےغزہ میں انسانی امدادکی ترسیل اورمعاہدےپرزور دیا۔

پیر کے روز امریکی صدر نے محکمہ خارجہ میں الوداعی خطاب میں کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ سے متعلق میں نے مہینوں پہلے جو تجویز پیش کی تھی وہ معاہدے کے دہانےپر ہے۔

مزید برآں وائٹ ہاؤس کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر جیک سلیوان نے توقع ظاہر کی ہےکہ جنگ بندی معاہدےکو رواں ہفتےحتمی شکل دی جائےگی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کوئی وعدہ یا پیش گوئی نہیں کررہا، معاہدہ ہونا ہےاور ہم اس پر کام کررہے ہیں۔

 دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید45 فلسطینی شہید ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق پیر کو غزہ میں صلاح الدین اسکول پر اسرائیلی حملے میں 5 فلسطینی شہید ہوگئے، کل سے اب تک مقبوضہ غزہ پٹی پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 45 فلسطینی شہید ہوئے۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ پر اسرائیلی محاصرے کے 100 دنوں میں تقریباً 5ہزار فلسطینی شہید یا لاپتا ہو چکے ہیں اور 9 ہزار 500 زخمی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ 7اکتوبر2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 46ہزار 584  فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 9 ہزار 731 زخمی ہوچکے ہیں۔ 

دوسری جانب غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں ایک کیپٹن سمیت 5 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کی صبح شمالی غزہ میں ہونے والے اس حملے میں 10 اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔

 7 اکتوبر 2023 کو غزہ پر اسرائیلی حملوں کے آغاز سے اب تک 850 سے زائد اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں:غزہ میں ممنوعہ ہتھیاروں کی بمباری سے ہزاروں لاشیں بھاپ میں تبدیل

 اُدھر اسرائیل کے مختلف علاقوں میں جنگی سائرن بجنا شروع ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق جنگی سائرن یمن سے داغے گئے میزائل کے اسرائیلی حدود کے قریب پہنچنے پر بجائے گئے۔

اسرائیل نے اپنے دفاعی نظام کے ذریعے میزائل کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، میزائل حملے کے بعد اسرائیل کے بن گورین ائیرپورٹ پر آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی کوشش کے لیے درجنوں ممالک اپنے مندوب بدھ کے روز ناروے بھیجیں گے، میٹنگ میں 80 سے زیادہ ملکوں اور اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے، اسرائیلی وفد کا اعلان نہیں کیا گیا۔ 

مزیدخبریں