پی ٹی آئی دور میں معیشت کو تباہی کا سامنا کرنا پڑا، وزیراعظم

Jan 14, 2025 | 10:27:AM
پی ٹی آئی دور میں معیشت کو تباہی کا سامنا کرنا پڑا، وزیراعظم
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں معیشت کو تباہی کا سامنا کرنا پڑا، یورپ کیلئے پی آئی اے کی پروازیں شروع ہوگئیں، یورپ کیلئے پروازیں بحال ہونے پرپوری کابینہ کومبارکباد دیتاہوں، انشااللہ بہت جلد لندن کیلئےبھی ہماری پروازیں بحال ہوں گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ چند پہلے اسلام آباد میں اسلامی معاشرے میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے شاندار کانفرنس ہوئی تھی، جس میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے بہت اچھے مقالے پڑھے گئے، ملک میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے مختلف مسائل کا سامنا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 22.8 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں جن میں اکثریت بچیوں کی ہے، جو بہت بڑا مسئلہ ہے، چونکہ تعلیم کا شعبہ صوبوں کو منتقل کیا جاچکا ہے، اس میں صوبوں کو بہت بڑا کردار ہے، وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر تعلیم کے میدان میں درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نے وزیر تعلیم کو صوبوں کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خالد مقبول صدیقی تعلیم کے میدان میں درپیش مسائل کو حل کریں تو یہ بہت بڑی قومی خدمت ہوگی،انہوں نے کہا کہ یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں شروع ہوچکی ہیں، چند روز قبل پہلی پرواز کی پیرس روانگی ایک بہت بڑے دھچکے کے بعد ایک بڑی کامیابی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے چند سال پہلے اس وقت کی حکومت کے وزیر ہوابازی نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر جو تقریر کی تھی اس کے پاکستان کی معیشت پر تباہ کن نتائج مرتب ہوئے، مسافروں کو دوسرے ملکوں سے ٹرانزٹ پر جانا پڑتا تھا، پی آئی اے پر بندشیں لگیں جو اب آہستہ آہستہ ختم ہوتی جارہی ہیں، امید ہے انشااللہ بہت جلد لندن کیلئے بھی ہماری پروازیں بحال ہوں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پنجگور کے مقام پر نئی پاک ایران تجارتی راہداری کے قیام سے قانونی تجارت کو فروغ ملے گا اور اسمگلنگ کی روک تھام میں مزید کامیابی حاصل ہوگی،مختلف کارروائیوں میں متعدد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، جلد فتنۃ الخوارج ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائےگا، قوم پاک فوج کی قربانیوں کی معترف ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ کرم میں حالات معمول پر آرہےہیں، امن معاہدے کے بعد ایک بڑا دھچکا لگاتھا، مورچے مسمار کیے جارہے ہیں اور خوراک و ادوایات فراہم کی جارہی ہیں، جوکہ خوش آئند بات ہے، امید ہے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر امن کو قائم رکھیں گے اور متحارب گروہوں میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے مل بیٹھیں گے اور آئندہ یہ واقعہ دوبارہ نہ ہونے کی کوشش کریں گے،کرم میں امن معاہدے کے بعد حالات نارمل ہو گئے ہیں،آرمی چیف کی سربراہی میں فتنۃ الخوارج کے خلاف آپریشن جاری ہے۔