اے ٹی ایم ہیک کرکے شہریوں کو لوٹنے والا گروہ دوبارہ سرگرم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)جائیں تو جائیں کہاں؟کراچی میں اے ٹی ایم ہیک کرکے شہریوں کو لوٹنے والے آئی ٹی ماہر گروہ کے سرگرم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
کراچی کے علاقے ناظم آباد میں ملزمان نے بزرگ شہری شہری کے اکاؤنٹ سے ساڑھے 4 لاکھ روپے نکالے، بزرگ شہری سے ہونے والے فراڈ کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آگئی، ایس آئی یو نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے دیگر کی تلاش شروع کردی ۔
ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے بتایا کہ ملزمان آئی ٹی کے ماہر ہیں جو اے ٹی ایم ہیک کرکے بینک کے باہر موجود رہتے ہیں, جیسے ہی کوئی شہری مشین استعمال کرتا ہے، کارڈ پھنسنے کے باعث جعلسازی کا شکار ہوجاتا ہے،ملزمان کا ایک ساتھی شہری کی مدد کے بہانے اندر آتا اور ہیلپ لائن پر کال ملاکر جعلسازی سے پاس ورڈ اور دیگر تفصیلات حاصل کرلیتا ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو کا کہنا تھا کہ گروہ میں خاتون بھی شامل ہے، گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے لاہور، اسلام آباد، کراچی سمیت کئی شہروں میں وارداتیں کیں۔
خیال رہے کہ دو روز قبل لاہور پولیس نے بھی اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے شہریوں کو ٹارگٹ کرنے والا ڈکیت گروہ پکڑ لیا تھا،اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے شہریوں کو ٹارگٹ کرنے والا ڈکیت گروہ نواب ٹاون لاہور سے پکڑا گیا، ملزمان سے موبائل فونز، اسلحہ اور چھینی گئی رقم برآمد کر لی گئی ۔
دو رکنی گروہ نواب ٹاؤن اور صدر میں وارداتیں کرتا تھا۔ اے ٹی ایم سےرقم لیکرجانےوالوں کو لوٹنے کی فوٹیجز بھی سامنے آئیں، ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں،مزید تفتیش جاری ہے۔
حکام کے مطابق عوام اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت اپنے اردگرد ماحول کا سختی سے مشاہدہ کریں، اپنی مالی معلومات، پن، پاس ورڈز، یوزر آئی ڈی اور او ٹی پیز کسی غیر متعلقہ شخص سے شیئر نہ کریں،کسی بھی مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے پرہیز کریں، اپنے مالی تحفظ کیلئے سرکاری ذرائع اور تصدیق شدہ معلومات پر بھروسہ کریں۔