(24نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے انقلابی اقدامات جاری، مختلف شعبوں میں اہم فیصلے ، بشمول ہندو میرج ایکٹ، کاروباری سکیموں کی منظوری، موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ، اور عوامی فلاح کے اقدامات جیسے گاڑیوں کی رجسٹریشن مہم اور زرعی اقدامات سمیت اہم منصوبوں کی منظوری دیدی ۔
پنجاب حکومت نے حالیہ اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے جن میں ہندو میرج ایکٹ 2024 اور رجسٹریشن رولز کی منظوری دی گئی اور کاٹن کی پیداوار بڑھانے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گنے کی پیداوار میں کمی کو دور کرنے کے لیے بھی ضروری اقدامات کرنے کی تاکید کی۔
اس کے علاوہ پنجاب میں تمام گاڑیوں کی رجسٹریشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ موٹر سائیکل کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک محدود کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ 12 ماہ بعد موٹر سائیکل کی انسپکشن اور سرٹیفیکیشن کے لیے ترمیم کی منظوری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے "پنجاب آسان کاروبار فنانس" سکیم کی منظوری دی گئی اور سی ایم پنجاب آسان کاروبار کارڈ کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا، مریم نواز نے اس سکیم کے تحت کاروبار کے آغاز کے لیے مفت اراضی دینے کا اعلان کیا اور 3 کروڑ روپے تک بلا سود قرضے دینے کا فیصلہ کیا۔
پنجاب میں ایک لاکھ بزنس سٹارٹ اپس کا ہدف مقرر کیا گیا اور ان کے لیے بزنس پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
مزید یہ کہ پنجاب بھر میں ای وہیکلز کے لیے چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کا حکم دیا گیا اور جامع الیکٹرک وہیکلز پالیسی کی تیاری کی ہدایت کی گئی۔
اس اجلاس میں کئی دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے جن میں قذافی سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ مسترد کرنا اور ہونہار سکالرشپ کی کامیاب لانچنگ پر صوبائی وزیر ایجوکیشن رانا سکندر حیات کو سراہا گیا۔
اس کے علاوہ لیپ ٹاپ کی تعداد 40 ہزار سے بڑھانے کی ہدایت کی گئی اور کسان کارڈ کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھا کر 7 لاکھ کرنے اور کیش کی حد 30 فیصد تک بڑھانے کی منظوری دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:موجودہ حکومت اپنی مدت پورے کرے تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی:مریم نواز
پنجاب میں 9 ہزار گرین ٹریکٹرز کی فراہمی مکمل کی گئی جبکہ ڈائیلسز کے لیے فنڈز 7 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے جائیداد کے معاملات کے فیصلے کے لیے خصوصی عدالت قائم کرنے کی منظوری دی گئی اور غیر ملکی کمپنیوں کے جعلی این او سی کے معاملات پر کارروائی کی ہدایت کی گئی جبکہ بلوچستان کے شہریوں کو مالی امداد دینے کی بھی منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی ایڈمیشن پالیسی 2024-25 کی منظوری دی گئی اور وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر اسلام آباد کے لیے 30 سیٹیں مختص کی گئیں۔
اس کے علاوہ جرنلسٹ سپورٹ فنڈ میں اضافے اور نادار صحافیوں کی امداد کے لیے رقم بڑھانے کی منظوری دی گئی، نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ ایکٹ 2024 کی بھی منظوری دی گئی۔
اس اجلاس میں پراپرٹی ٹیکس کی ویلیو ایشن سسٹم کو رینٹل ویلیو سے کیپٹل ویلیو پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی اور سپیشل ایجوکیشن میں ٹیکنیکل کیڈر کی 340 آسامیاں پر کرنے کی منظوری دی گئی اور فاریسٹ سروسز اکیڈمی اور پنجاب فاریسٹ سکول میں نئی بھرتیوں کی بھی منظوری دی گئی۔
اس اجلاس میں کیے گئے تمام فیصلے صوبے کی ترقی، معیشت اور مختلف شعبوں میں بہتری لانے کے لیے اہم ہیں۔
مزید پڑھیں:پنجاب گورنمنٹ نے 2025 کیلئے گزٹ چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا