محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں موسم سے متعلق اہم پیش گوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) آج رات اور بدھ کے روز پاکستان کے بیشتر حصوں میں سرد اور خشک موسم رہے گا جب کہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور دھند کا سامنا ہوگا۔
آج رات موسم کی صورتحال
ملک کے بیشتر حصوں میں سرد اور خشک موسم غالب رہے گا جب کہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور جزوی طور پر ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔
بدھ کے روز موسم کی صورتحال
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا : صوبے کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور جزوی ابر آلود موسم کا امکان ہے۔ صبح یا رات کے اوقات میں بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، نوشہرہ، مردان اور صوابی میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی ہے۔
پنجاب: صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، میانوالی، رحیم یار خان، خان پور، بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن، خانیوال، وہاڑی، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ڈی جی خان اور ارد گرد کے علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ تاہم، مری، گلیات اور ان کے ارد گرد کے علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔
بلوچستان: صوبے کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کا امکان ہے۔ کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور ان کے گردونواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔
سندھ: صوبے کے زیادہ تر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ صبح اور رات کے اوقات میں سکھر، شہید بینظیر آباد، شکارپور، کشمور، دادو، لاڑکانہ، خیرپور، ٹنڈوجام اور ان کے ارد گرد کے علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھا سکتی ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت:
لہہ میں منفی 12، گوپس میں منفی 11، استور اور سکردو میں منفی 10، گلگت اور کالام میں منفی 7، ہنزہ میں منفی 6، بگروٹ اور کاکول میں منفی 5، چترال اور دیر میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: سردی کا 100 سالہ ریکارڈ ، پنجاب میں سعودی عرب جیسی برفباری،محکمہ موسمیات کا بیان جاری