(24 نیوز)پٹرولیم مصنوعات ساڑھے 11 روپے فی لٹر تک مہنگی ہونے کا امکان ہے،اوگرانے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری حکومت کو بھجوا دی۔
اوگرا کی جانب سے ہائی سپیڈڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ پٹرول کی قیمت میں ساڑھے 11 روپے فی لٹر اضافے کی تجویز ہے۔اس کے علاوہ مٹی کا تیل ڈیڑھ روپے اور لائٹ ڈیزل ایک روپے 40 پیسے بڑھانے کی تجویز ہے۔
ذرائع پٹرولیم ڈویژن کاکہناہے کہ قیمتوں میں اضافے کی تجاویز موجودہ پٹرولیم لیوی کے مطابق تیار کی گئی ہیں،پٹرولیم لیوی میں ردوبدل سے قیمتوں میں ردوبدل ہو سکتا ہے،
پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کل وزیراعظم سے مشاورت کے بعد ہو گا،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق نوٹیفکیشن وزارت خزانہ جاری کرے گی،نئی قیمتوں پر عملدرآمدکل رات12 بجے سے ہوگا۔
یاد رہے کہ بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا امکان ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے 5 سالہ ٹیرف کی درخواست دے دی۔ بجلی کی 3 تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا سے 1 ہزار 32 ارب روپے کا ریونیو مانگ لیا، 2020-21 کیلئے بجلی کے نرخ کم از کم 19 روپے 85 پیسے اور زیادہ سے زیادہ 28 روپے 83 پیسے فی یونٹ کرنے کی درخواست کر دی۔
پیسکو نے سب سے زیادہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست کی، 100 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے 21 روپے 90 پیسے اور200 یونٹ والے صارفین کیلئے 26 روپے 37 پیسے تک فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے جبکہ 300 یونٹ والے صارفین کیلئے 27 روپے 9 پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش کی گئی۔
700 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے 28 روپے 83 پیسے فی یونٹ مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ، 700 سے زائد بجلی کے یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے 31 روپے 31 پیسے فی یونٹ مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ کمرشل صارفین کیلئے 30 روپے 27 پیسے تک فی یونٹ ریٹ مقرر کرنے کی تجویزدی گئی ہے جبکہ صنعتی صارفین کیلئے 30 روپے 28 پیسے تک فی یونٹ مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے،زرعی صارفین کیلئے بجلی کے نرخ 30 روپے 57 پیسے تک فی یونٹ مقرر کرنے کی سفارش کر دی گئی۔
نیپرا تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر 3 اور 4 اگست کو سماعت کرے گا ،نیپرا بجلی کی قیمتوں سے متعلق فیصلہ دے گی، بجلی کی قیمتوں متعلق حتمی فیصلے کا نوٹیفیکیشن وفاقی حکومت کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ”جس نے میرے کہنے پر پی ٹی آئی کو ووٹ دیاان سے معذرت خواہ ہوں“سپیکر اسد قیصر کے بھائی کا پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان