بل گیٹس دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست سے باہر نکلنے کیلئے کوشاں

Jul 14, 2022 | 15:47:PM
فائل فوٹو
کیپشن: بل گیٹس دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست سے باہر نکلنے کیلئے کوشاں
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کورونا وائرس کی وبا، یوکرین جنگ اور دیگر عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے 20 ارب ڈالرز اپنے فلاحی ادارے کو عطیہ کردیے ہیں۔

اس بات کا اعلان بل گیٹس نے اپنے ایک بلاگ میں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے عالمی صحت، صنفی مساوات اور تعلیم سمیت دیگر مسائل کے لیے ہر سال خرچ کی جانے والی رقم میں 50 فیصد اضافے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔اب یہ ادارہ 2026 تک ہر سال 6 ارب کی بجائے 9 ارب ڈالرز مختلف فلاحی کاموں کے لیے خرچ کرے گا۔خیال رہے کہ بل گیٹس اور ان کی سابق اہلیہ نے اپنی دولت کا بڑا حصہ فلاحی ادارے کو عطیہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

بل گیٹس اور ملینڈا فرنچ گیٹس کی طلاق ہوچکی ہے  مگر وہ فلاحی ادارے کے لیے 2 سال تک مل کر کام کریں گے، جس کے بعد ملینڈا فرنچ گیٹس کے پاس مستعفی ہونے کا آپشن ہوگا۔

لگ بھگ 114 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ بل گیٹس اس وقت دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں مگر وہ اب اس فہرست سے نکلنے کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے بلاگ میں بتایا کہ 'میں نیچے آؤں گا اور بتدریج دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست سے باہر نکل جاؤں گا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'اپنے وسائل معاشرے تک اس طرح پہنچانا میرا فرض ہے جس سے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آئے، مجھے توقع ہے کہ دیگر امیر افراد بھی اس تحریک کا حصہ بنیں گے'۔

بل گیٹس نے کہا کہ وہ اپنی تمام دولت بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کو دینے کا منصوبہ بنا چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں وہ اپنی تمام دولت فاؤنڈیشن کے حوالے کردیں گے۔

ماضی میں وہ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ ان کی دولت ان کے بچوں کو منتقل نہیں ہوگی کیونکہ وہ پہلے ہی کافی بڑا حصہ عطیہ کرچکے ہوں گے۔