فرح خان ایک اور مصیبت میں پھنس گئی

Jul 14, 2022 | 16:08:PM

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی عرف فرح خان کی اسلام آباد میں کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی جائیداد کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے پوش علاقے ایف 7 میں ایک ہزار مربع گز رقبے پر پھیلا ہوا گھر ڈیڑھ سال قبل شندانا اعوان نامی شہری سے 20 کروڑ روپے میں خریدا گیا تھا۔

نیب کی تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے فرحت شہزادی اور شندانا اعوان کے درمیان کروڑوں روپے کی لین دین کا بھی پتا لگایا گیا ہے۔ اس حوالے سے نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے شندانا اعوان کو 19جولائی کو طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے جو کہ فرحت شہزادی کے کرایہ دار کو موصول ہوا۔فرحت شہزادی کے شوہر احسن گجر نے سماء کو گھر کی خریداری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ خریداری جائز کمائی اور ذرائع سے عمل میں آئی ہے۔ گھر کی ملکیت میں تبدیلی قانونی طور پر سی ڈی اے کے ذریعے ہوئی ہے اور اس پر مکمل ٹیکس ادا کیا گیا۔

نیب میں طلبی کے معاملے پر احسن گجر کا کہنا تھا کہ ہمارے وکلاء نیب لاہور میں جواب جمع کرائیں گے۔ نیب لاہور کی جانب سے فرحت شہزادی اور دیگر 19 افراد کی طلبی غیر قانونی ہے اور وہ اس معاملے پر عدالت سے رجوع کریں گے۔

فرح خان کے شوہر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اُن کا ملک ہے، اُن کا گھر، کاروبار اور سب کچھ یہاں ہے، اس لیے یقینی طور پر وہ واپس اپنے ملک آئیں گے۔احسن گجر کا کہنا تھا کہ انٹی کرپشن اور فیصل آباد پولیس نے اُن کے گھریلو ملازمین کو ہراساں کیا۔حکومت کی طرف سے نیب ، اینٹی کرپشن اور پولیس کو اُن کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔ قانونی طریقے سے رقم کی منتقلی کی منی لانڈرنگ کے طور تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

فرح خان کے شوہر کا کہنا تھا کہ ہمارا کاروباری مقصد کے لیے سارا لین دین قانونی طریقے سے بینک کے ذریعے ہوتا رہا ہے جس کا ریکارڈ موجود ہوتا ہے۔ ہماری طرف سے کوئی خفیہ یا غیر قانونی سرگرمی عمل میں نہیں لائی گئی۔

مزیدخبریں