الیکشن کمیشن کی الیکشن ڈے پر ماحول خراب کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ اگر پولنگ سے قبل ، پولنگ یارزلٹ کی تیاری کے دوران اگر کہیں بھی کوئی شر پسند عناصر الیکشن کے ماحول کو خراب کرے یا خراب کرنا چاہے تو قانون نافذکرنے والے اداروں کو تحریری طور پر مطلع کیاجائے اور ایسے افراد کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی اسمبلی پنجاب کے 20حلقوں کے پرامن انتخابات کے انعقاد کویقینی بنانے کے لئے درج ذیل ہدایات جاری کی گئیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب ،تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران ، ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ افسران کوہدایت دی گئی کہ اگر پولنگ سے قبل ، پولنگ یارزلٹ کی تیاری کے دوران اگر کہیں بھی کوئی شر پسند عناصر الیکشن کے ماحول کو خراب کرے یا خراب کرنا چاہے تو قانون نافذکرنے والے اداروں کو تحریری طور پر مطلع کیاجائے اور ایسے افراد کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری پنجاب ، آئی جی پنجاب اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ عہدیداران سے ذاتی طور پر ٹیلی فون پر بات کی اور انہیں انتخابات کے دوران پر امن ماحول کو یقینی بنانے کا کہا مزید انہیں ہدایات جاری کیں گئیں کہ کسی بھی انتخابی حلقے میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش ممنوع ہے اور کسی شخص، امیدوار یا پارٹی کے کارکنان کو اسلحے کے Display کی اجازت نہیں ہے۔ اعلامیہ میں کہاگیاکہ کسی دوسرے ضلع یا صوبے سے اسلحہ برادر شخص کو صوبہ پنجاب میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔
مزید برآں یہ بھی ہدایات جاری کی گئی کہ اگر کوئی امیدوار اسلحہ برادر اکٹھے کرتا ہے اور اس کو اپنی سیاسی مہم یا الیکشن کے دوران استعمال کرتاہے تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ اور اس کا کیس الیکشن کمیشن میں بھیجا جائے تاکہ ایسے امیدوار کے خلاف الیکشن قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔ الیکشن کمیشن نے یہ بھی واضح کیا کہ الیکشن کا پرامن انعقاد اور الیکشن کے دوران ووٹروں کو پرامن ماحول کی فراہمی الیکشن کمیشن اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے لہذا اس ذمہ داری کو تمام ادارے قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات؛جمعیت علما پاکستان کا ن لیگ کی حمایت کا اعلان