یاجوج ماجوج اور معیشت کی دیوار
عامر رضا خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
نبی اکرم ﷺ فرماتے ہیں کہ اگر انہیں ( یاجوج ماجوج ) کوکھلا چھوڑدیا جائے تو وہ لوگوں پر ان کے معاش میں فساد پھیلائیں گے ۔
میں نے ایک بار نہیں متعدد بار طبرانی میں نقل اس حدیث مبارکہ کا مطالعہ کیا دیر تک سوچتا رہا کہ میں تو بچپن سے ایک تصور لیے زندہ تھا کہ "یاجوج ماجوج " نامی افراد پہاڑوں سے اتریں گے دریاؤں کا پانی پی جائیں گے ، کھڑی فصلیں کھا جائیں گے جس انسان کو دیکھا اسے قتل کردیں گے، خون پی جائیں گے، انسان اُن کے سامنے لاغر اور کمزور ہوجائیں گے اور یوں کسی انسان کے بس میں نہ ہوگا کہ ان پر قابو پایا جاسکے گا ،لیکن طبرانی کی روایت کی گئی حدیث مبارکہ سے جو نیا مفہوم سامنے آیا ہے اس پر بات کرنے سے پہلے میں ایک اور حدیث مبارکہ بیان کرنا چاہوں گا جو صحیح بخاری میں حدیث نمبر 3097 ہے ،اس حدیث مبارکہ میں کہا گیا ہے کہ
" اُم حبیبہ بنت ابی سفیان جو زینب بنت حجش سے بیان کرتی ہیں کہ نبی ﷺ ان کے پاس گھبراہٹ کی حالت میں داخل ہوئے اور کہنے لگے لا الہ الا اللہ عرب کو اس شر سے ہلاکت ہو جو قریب آگیا ہے آج یاجوج ماجوج کی دیوار میں اتنا سوراخ ہو گیا ہے اور آپؐ نے اپنے انگوٹھے اور اس کی ساتھ والی انگلی کا حلقہ بنایا زینب بنت جحش فرماتی ہیں کہ میں نے کہا اے اللہ تعالی کے رسول ﷺ کیا ہمیں ہلاک کر دیا جائے گا حالانکہ ہم میں صالح لوگ ہیں تو نبیﷺ نےفرمایا ’ہاں جب فسق وفجور کی زیادتی ہو جائے گی "۔
ضرور پڑھیں :اسرائیل ، بھارت اورعمران! یک جسم ،یک زبان ، یک جان
اب مجھ پر یہ آشکار ہوا کہ سوراخ تو ہوچکا اور بڑے یاجوج ماجوج تو نہیں آئے ہاں ان کے کچھ نمائندے ضرور ہمارے ارد گرد موجود ہیں جو قوم میں مایوسی پھیلا کر معاش میں فساد پھیلائیں گے کبھی غور تو کریں کے 25 کروڑ کی آبادی کے اس ملک کی معیشت پر گزرے چند سال میں کیسے کیسے حملے نہیں ہوئے ، پاکستانی معیشت کی اس دیوار کو چاٹنے والے یاجوج ماجوج کے عمرانی کلٹ نے کیا کچھ نہیں کیا ، چیئرمین تحریک انصاف نے کبھی جلسوں میں بجلی کے بل جلائے اور کبھی بیرون ملک بیٹھے پاکستانیوں کو اعلانیہ ہنڈی کے غیر قانونی طریقے سے رقوم بجھوانے کی بات کی اور کبھی آئی ایم ایف کے پروگرام کو روکنے کے لیے خودکشی کی دھمکیاں لگائیں ، سی پیک جیسے بڑے اکنامک کوریڈور پراجیکٹ کو روکنے کے لیے مہینوں پر محیط دھرنے دئیے ، اقتدار میں آئے تو آئی ایم ایف سے اپنے ہی کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔
حکومت سے نکالے گئے تو پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی خبریں بنوائیں بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر پاکستان کو سری لنکا بنائے جانے ، خانہ جنگی کی باتیں کی تاکہ بیرون ملک سے سرمایہ کاری ہی نہ آئے ، بھارت کو کشمیر بیچنے کا کام کیا تاکہ جو دریا بہتے ہیں وہ بھی رک جائیں ، صوبائی حکومتوں کو آئی آیم ایف کو خطوط لکھنے کا کہا گیا ۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستانیوں کا گندہ ڈی این اے ! جعلی مفکر کی نئی دُر فتنی
ان تمام باتوں کو ملا کر پڑھتے جائیں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ پاکستان کی معاشی دیوار کو یہ عمرانی یاجوج ماجوج روز چاٹتے رہے ، کلٹ کے پیروکار عمرانی تجزیہ کار روزانہ رات کو ٹیلی ویژن پر بیٹھ کر ملک دیوالیہ ہونے کی خبریں سناتے رہے معاشی ہیجان انگیزی میں اضافہ کیا گیا ڈالرز کا کالا دھندہ چلایا گیا ،ہر وہ کام کیا گیا کہ جس سے یہ معاشی دیوار زمین بوس ہوجائے جب کہیں بس نہیں چلا تو پھر اس معاشی فساد کو فساد التباہی کے لیے 9 مئی کرایا گیا،مقصد ایک تھا اور وہ تھا پاکستان میں معاشی بدحالی پھیلانا لیکن جہاں یاجوج ماجوج کے نمائندے موجود ہیں وہیں اللہ پاک کے نیک فرد جو حضرت ذوالقرنین کے جانشین ہیں نے مزید تباہی سے بچانے کے لیے راست اقدامات کیے جلد ہی اس یاجوجی ماجوجی فتنہ کو بھانپ لیا ۔
ظاہری بدنامی کو مول لیا سوشل میڈیا پر میمز بنوائیں ، گالیاں کھائیں لیکن پاکستان کو ڈیفالٹ نہیں ہونے دیا ، ان ننھے منے یاجوجیوںماجوجیوں سے معیشت کی دیوار تو نہ گری لیکن چھوٹے سے چھید سے نکلنے والے ابھی واپس اس سوراخ میں گھسائے نہیں گئے اور نہ ہی انہیں قرار واقعی سزائیں دی گئیں ،طاغوتی طاقتوں کے یہ آلہٰ کار آج بھی موقع کی تلاش میں ہیں کہ کب موقع ملے اور وہ اپنے ادھورے ایجنڈے کو پورا کرسکیں ،اب تو انہیں کھلم کھلا بھارت اور اسرائیل کی حمایت بھی حاصل ہوگئی ہے ، حکومت پاکستان اور افواج پاکستان پہلی مرتبہ معیشت کی اس دیوار کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عمل پیرا ہیں اور اگر چند ایک سال اس عمرانی فتنے سے یہ معاشی دیوار بچی رہی تو اتنی مضبوط ضرور ہوجائے گی کہ پھر یہ عمرانی یاجوج ماجوج قیامت تک بھی اس دیوار کو چاٹتے رہے تو اسے گرا نہیں پائیں گے-
ضروری نوٹ :ادارے کا بلاگر کے ذاتی خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ۔ایڈیٹر