آبادی میں اضافے پر قابو پانے کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے، چیف جسٹس

Jul 14, 2023 | 18:08:PM
آبادی میں اضافے پر قابو پانے کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے، چیف جسٹس
کیپشن: فوٹو (اسکرین گریب)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا ہے کہ ہر چیز کی ذمہ داری حکومت پر چھوڑنا درست نہیں، آبادی میں بے ہنگم اضافے پر قابو پانے کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ ججوں کو معاشرے کے بارے میں نئی ضرورتوں اور آئیڈیاز کاعلم ہونا چاہیئے۔

آبادی میں اضافے کے حوالے سے اسلام آباد میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ فرد کی خوشی خاندان کی خوشی میں مضمر ہے، ماں اور بچے کی صحت کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے، آبادی میں بے ہنگم اضافے پر قابو پانے کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ سمیت مختلف ادارے حکومت کی معاونت کر رہے ہیں، بنگلہ دیش اور ایران نے بڑھتی آبادی پر کیسے قابو پایا، ہمارے لیےکیس اسٹڈی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبادی پر قابو پانے سے اہم آبادی کو سود مند بنانا ضروری ہے، ہر چیز کی ذمہ داری حکومت پر چھوڑنا درست نہیں، کچھ چیزوں میں صحیح اور غلط کا پیمانہ معاشرہ خود طے کرے، اسلام خاندانی نظام کو مضبوط بناتا ہے، ایک نسل پہلے تک رشتہ دار ایک دوسرے کی طاقت ہوتے تھے، نئی نسل کو ہنرمند بنا کر بہتر نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں، آبادی کے مسائل قانونی نقطہ نظر سے حل نہیں کیے جاسکتے، معاشرہ مسائل کا حل تلاش کرکے ریاست کی معاونت کرے۔

یہ بھی پڑھیے: ایک ماہ باقی ،تمام وسائل عوام پر نچھاور کرکےجائیں گے،وزیراعظم

چیف جسٹس نے کہا کہ 1947ء میں جب پاکستان بنا تو اس کے پاس کوئی دولت نہیں تھی۔ عام لوگوں نے پاکستان کو پیسے دیے۔ اس وقت پاکستان کے لوگوں نے اپنی ذمے داری کا احساس کیا۔ ایک وقت تھا جب پاکستان نے چین کو قرض دیا تھا۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ ہمیں پہلا اقدام اٹھاتے ہوئے سادگی اپنانا ہوگی۔ ہمیں تعلیم اور پیشہ ورانہ تعلیم فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ وہ سادہ اقدامات ہیں جو کرنے چاہیئے۔ ہم 2 روزہ کانفرنس میں تجاویز دیں گے۔ یہاں مقدمہ بازی سپریم کورٹ تک آتی ہے۔ ہمیں مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔