(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے فلور ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آٹا اور روٹی مہنگی ہونے کا نقصان صرف غریب عوام کو ہوگا، جائز تحفظات اور مسائل کے حل کے لئے بھرپور کردار ادا کروں گی، جائز مسائل کے حل کیلئے ہڑتال کرنے کی ضرورت نہیں۔
خیال رہے کہ مریم نوازشریف کی ہدایت پر ہونے والے مذاکرات میں فلور ملز ایسوسی ایشن کی قیادت کو قائل کر لیا گیا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہڑتال کے نتیجے میں آٹے کی قلت اور عوام کے لئے روٹی مہنگی ہونے کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔
خیال رہے کہ حکومتی کمیٹی میں شامل چیئرمین ایف بی آر، 4 وفاقی وزرا نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کی تھی، فلور ملز ایسوسی ایشن نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ پر تحفظات سے آگاہ کیا۔
چیئرمین ایف بی آر نے فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے پر اتفاق کیا جس پر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال مؤخر کرنے کے لئے حکومت کی بات مان لی۔
ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی نے جمعرات کو پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کو بلا لیا، حکومتی کمیٹی سے ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے بارے اتفاق رائے سے اجلاس ہو گا۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہا ہے کہ ہڑتال ختم نہیں 10 روز کے لیے مؤخر کی جا رہی ہے، حکومتی کمیٹی نے تین روز بعد ہماری بات سے اتفاق کیا، آئندہ جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے پر فیصلہ ہو گا۔