ہر چیز پر ٹیکس۔ مہنگائی کا ایک نیا سونامی آنے والا ہے:بلاول

Jun 14, 2021 | 13:16:PM

(24نیوز)  پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو  زرداری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ملازموں نے بجٹ تیار کر کے عمران خان کو دیا جسے کسی بھی غور کے بغیر جوں کا توں پیش کردیا گیا۔پی ٹی آئی نے عام آدمی کے استعمال کی ہر شے پر اربوں روپے کا بالواسطہ ٹیکس لگا دیا جس کے بعد ملک میں مہنگائی کا ایک نیا سونامی آنے والا ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاواسطہ ٹیکس کے بجائے اربوں روپے کے بالواسطہ ٹیکس لگانے کی عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے۔عوام دشمنی کی بنیاد پر بنائے گئے اس سلیکٹڈ بجٹ کے ہر صفحے پر عوام کے معاشی قتل عام کی ترکیبیں لکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرول پر 20 روپے فی لیٹر اور چینی پر 7 روپے فی کلو کا اضافہ بالواسطہ ٹیکس کی وجہ سے ہونے والا ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے، جب کمپنیاں خام تیل اور ایل این جی پر 17 فیصد سیلز ٹیکس دیں گی تو پٹرول اور گیس کی قیمتیں بڑھیں گی اور اس بالواسطہ ٹیکس کا بوجھ عوام بھگتیں گے۔عام آدمی آخر جائے تو کہاں جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے عوام نے آن لائن خریداری شروع کی تو عمران خان نے اس پر بھی سیلزٹیکس لگادیا۔کیا اس کو تبدیلی کہتے ہیں؟۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا نے مزید 34افراد کی جان لے لی،1019نئے مریض  
 


 

مزیدخبریں