(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی حکومت گراؤ تحریک پی ٹی آئی کے سونامی میں ڈوب گئی ہے، پی ڈی ایم کے اتحاد کا خواب چکنا چور ہوچکا ہے،جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم کی کامیاب پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ان خیا لات کا اظہار انہوں نے اسلا م آباد میں ملک بھر کے علماءمشائخ کی نمائندہ تنظیم علماءمشائخ فیڈریشن پاکستان اور قومی امن رابطہ کونسل کے چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزاداحمد عمران نقشبندی مرشدی سجادہ نشیں آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علماءمشائخ فیڈریشن پاکستان کے چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزاداحمد عمران نقشبندی مرشدی نے وفاقی وزیر داخلہ کو نچلی سطح پر قیام امن اور سٹریٹ کرائم کی بیخ کنی کیلئے محلہ امن کمیٹیوں کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے 1994تا 1997 تک قائم امن کمیٹیوں کی طرز پر ملک بھر میں انظامی سطع پر قومی امن رابطہ کونسل کی زیر نگرانی محلہ امن کمیٹیو ں کے دوبارہ قیام کی تجاویز پیش کیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر کہا کہ وہ محلہ امن کمیٹیوں کے قیام کے حوالے جائزہ لیکر محلہ امن کمیٹیوں کے قیام کے احکامات جاری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا اس وقت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔حکومتی ادارے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے جدوجہد کے عمل کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی حقوق، تعلیم، صحت، صاف پانی کی فراہمی ہمیشہ سے حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے جب بھی ہمیں عوام نے خدمت کا موقع دیا ہم نے اس کی بہتری کیلئے نیک نیتی سے کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ کرونا وبا کے چیلنج کے باوجود پی ٹی آئی حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جس پر وزیر اعظم عمران خان اور ان کی حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کووڈ-19 نے دنیا بھر کی معیشت کو زوال پذیر کیا وہاں عمران خان کی دانشمندانہ پالیسیوں نے پاکستانی معیشت کو غیر معمولی طور پر مستحکم کیا ہے۔موجودہ بجٹ میں طے کردہ اہداف قومی معیشت کو مزید آگے لے جائیں گے۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں دس فیصد اضافہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل مارچ میں بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا جا چکا ہے۔
شیخ رشیدنے کہا کہ بجٹ میں ریاست مدینہ کے اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کم آمدنی والے اور غریب طبقے کی بہبود کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور ان کے لیے سستے مکانات کے منصوبے کو اولیں ترجیح دی گئی ہے۔ نے کہا کہ عمران خان نے جوانمردی سے تباہ حال معیشت کو زندہ کر دیا ہے اور اب انکی توجہ محروم اور غریب طبقے کی فلاح پر مرکوز ہوگی۔تاریخی بجٹ پیش کیا گیا ہے جو حکومت کی عوام دوستی کا مظہر بھی ہےانہوں نے کہاکہ بجٹ عوامی امنگوںکا ترجمان ہے۔ بجٹ میں ہر کاشتکار گھرانے کو ہر فصل کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے کا بلاسود قرض دینے، کوکنگ آئل، گھی پر وفاقی ٹیکس واپس لینے اور اعلیٰ تعلیم پر چھیاسٹھ ارب روپے خرچ کرنے کی تجاویز حوصلہ افزا ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں جی ڈی پی کی شرح کا 4فیصد ہونا اور مالیاتی ذخائر کا بلند ترین سطح پر جانا وزیر اعظم عمران خان کی معاشی محاذ پر کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی تصدیق موڈیز جیسے عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں کہ گزشتہ5برسوں میں 23بلین ڈالر اکٹھے ہوئے اور10برسوں بعد پہلی مرتبہ کرنٹ اکاﺅنٹ بیلنس773ملین ڈالر سرپلس ہوا جس کے ملکی معیشت پر ہر لحاظ سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
وزیر داخلہ نے ملکی سطح پر سامنے آنے والے معاشی اعداد و شمار کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ3برسوں میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں 2گنا اضافہ ہوا اور اس شعبے نے 2بلین ڈالر کی حد بھی عبور کر لی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ8برسو ں کے مقابلے میں بزنس فرینڈلی ماحول میں اضافہ ہوا اور معاشی رینکنگ خاطر خواہ حد تک بڑھی جس کے مطابق ملک میں کاروں کی فروخت 54فیصدمزید ہوئی جبکہ ٹریکٹرز 62اور موٹر سائیکلیں 34فیصد زیادہ فروخت ہوئیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نےکا کہنا تھا کہ6برسوں بعد رواں سال بیرونی قرضوں میں سب سے کم شرح کے ساتھ اضافہ ہوا اور رواں سال معاشی اعشاریے واضح کر رہے ہیں کہ حکومت درست سمت میں گامزن ہے۔ پہلے10ماہ میں ملکی برآمدات21بلین ڈالر کی حد کو چھو چکی ہیں اور یہ مثبت تبدیلی سب کے سامنے ہے جس کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے۔