حکومت عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے، وزیر خزانہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیرخزانہ شوکت ترین کاکہناہے کہ حکومت عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کوشاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا، مشیروں اور معاونین سمیت صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہاکہ وزیراعظم ہر غریب شہری کیلئے آسانیاں لانا چاہتے ہیں، عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کوشاں ہیں، نئے مالی سال کیلئے پیش کردہ بجٹ اسی پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے
شوکت ترین نے کہاکہ ہر وزارت، محکمہ اور تنظیم اس سلسلے میں اپنا اپنا کردار ادا کرے، روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں کا عام آدمی پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔
سیکرٹری خزانہ نے نیشنل پرائس کمیٹی کو مہنگائی کے رجحان پر بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ گذشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.59 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی،گذشتہ سے پیوستہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.61 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی، سیکرٹری خزانہ نے کہاکہ روزہ مرہ اشیائے ضروریہ میں سے 9 کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی،روزمرہ اشیا میں سے 14 میں معمولی اضافہ اور 28 میں استحکام رہا، اجلاس میں اہم ضرورت کی اشیا کے دستیاب ذخائر کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیر خزانہ نے مہنگائی پر کنٹرول کے اقدامات پر صوبائی اور وفاقی حکام کو بھرپور اقدامات کی ہدایت کی ۔
یہ بھی پڑھیں: شہبازشریف کی تقریرکے دوران ہلڑبازی عمران خان کے کہنے پر کی گئی ، احسن اقبال