سخت فیصلوں سے ملک میں معاشی حالات بہتر ہوں گے: شاہد خاقان عباسی

Jun 14, 2022 | 13:55:PM

(24نیوز)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ  ملک میں احتساب کا نظام سب کے سامنے ہے اور یہ لوگ اب اپنے آخری قدم پر ہیں، نیب کا ادارہ جب تک ہے ملک نہیں چل سکتا،عمران خان جھوٹ بولتے ہیں اور بولتے رہے، آئی ایم ایف سے غلط معاہدے عمران خان نے کئے اور اب ملک چلانے کے لئے سخت فیصلے لے رہے ہیں۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اب سخت فیصلوں سے ملک میں معاشی حالات بہتر ہوں گے، ملک کے حکمران ملک کی معیشت کے خلاف فیصلے کرتے رہے،ملک کو چلانا ہے تو نیب کو ختم کرنا ہوگا، ملک کا صدر ملکی معاملات میں رکاوٹ نہیں بنتا لیکن موجودہ صدر کے فیصلے تاریخ میں یاد رکھے جائیں گے۔

صدر مملکت پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ صدر صاحب اس ملک کے صدر ہیں یا ایک جماعت کے ورکر، وہ فیصلہ کر لیں کیونکہ صدر صاحب کے ان اقدامات سے ایک بری روایت پڑتی جا رہی ہے،صدر صاحب کہتے ہیں کہ الزام لگنے کے بعد وہ بندا ثبوت دے کہ اس پر لگے الزام غلط ہیں، ایک ملک کا صدر ایسا بیان دے رہا ہے، صدر مملکت پر حیرانگی ہے جو نیب قانون کے بارے میں ایسی بات کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس ۔شہباز اور حمزہ  کے حوالے سے عدالت سے بڑی خبر آ گئی  

سابق وزیراعظم  نے کہا کہ یہ وہی جماعت ہے جو چیئرمین نیب کو قابو کرکے چار سال نام نہاد احتساب کرتی رہی لیکن اب ملک چلانا ہے تو نیب کو ختم کرنا ہوگا، چیئرمین نیب 8 ماہ ڈیلی ویجر کے طور پر کام کرکے گھر جا چکا ہے۔

مزیدخبریں