فارن فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن سے اہم خبر آگئی

Jun 14, 2022 | 14:06:PM

 (24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ روکنے کی درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر دی۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ آپ کہ درخواست پر آج فیصلہ کر دیں گے۔

 چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت تین رکنی بینچ نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی یہ کیس زیر سماعت ہے۔ اکبر ایس بابر کے وکیل نے درخواست مسترد کرنے کی استدعا کر دی۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے اکبر ایس بابر کے وکیل کو بات کرنے سے روک دیا اور کہا کہ اگر ضرورت ہوئی تو آپ کو سن لیں گے۔

 یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایف کی شرائط: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ؟

وکیل انور منصور نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر سکروٹنی کمیٹی قائم کی گئی، سکروٹنی کمیٹی اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو جمع کرا چکی ہے، پی ٹی آئی ایک نئی سیاسی جماعت ہے، پہلی بار ایسا ہوا کہ ایک سیاسی جماعت کے فنڈز کی اس حد تک سکروٹنی کی گئی، کئی سیاسی جماعتوں کے فنڈز پر سوالیہ نشانات ہیں لیکن کبھی سکروٹنی نہیں ہوئی۔

 وکیل انور منصور نے موقف اپنایا کہ سکروٹنی کمیٹی رپورٹ میں کئی غلطیاں اور کوتاہیاں سامنے آئیں، پی ٹی آئی 2013 سے اپنے سالانہ گوشواروں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کراتی رہی، پی ٹی آئی کے فنڈز پر کبھی اعتراض نہیں کیا گیا۔ چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ پولیٹیکل فنانس ونگ ہر سال سیاسی جماعتوں کے گوشواروں کی سکروٹنی کرتا ہے، پولیٹیکل فنانس ونگ نے کچھ سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ پر اعتراضات لگائے۔

مزیدخبریں