(24 نیوز)وزیراعظم شہبازشریف کی خوردنی تیل کے لئے بڑی پیش رفت ،انڈونیشیا فوری طور پر پاکستان کو خوردنی تیل فراہم کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 10 جون کو انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستانی وفد نے انڈونیشیا کا دورہ کیا ، وزارت تجارت سے کامیاب مذاکرات کے بعد انڈونیشیا فوری طورپر پاکستان کو خوردنی تیل فراہم کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے انڈونیشیا کے ہم منصب سے معاملات طے کئے ،پاکستانی وفد کی درخواست پر انڈونیشیا کی وزارت تجارت نے تمام متعلقہ امور کو تیزی سے نمٹایا،انڈونیشیا سے کل ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن خوردنی تیل پاکستان کو فراہم کیا جا رہا ہے ، 30 ہزار میٹرک ٹن خوردنی تیل سے بھرا پہلا بحری جہاز آج پاکستان روانہ ہو گا ۔خوردنی تیل سے بھرے 10 بحری جہاز آئندہ دو ہفتے میں پاکستان پہنچیں گے ۔