سندھ بجٹ: سرکاری ملازمین کی موجیں ہی موجیں ، تنخواہ میں بڑا اضافہ

Jun 14, 2022 | 17:42:PM

(24نیوز) وزیراعلیٰ سندھ نے آج مالی سال 2022-23 کے لیے بجٹ اسمبلی میں پیش کردیا ہے۔ جس میں سندھ کے سرکاری ملازمین کو بڑی خوشخبری سنائی گئی ہے۔ ملازمین کو دیا جانے والے ریلیف کے چند بنیادی نکات درج ذیل ہیں۔ 

تنخواہ اور پنشن:

وزیراعلیٰ سندھ نے وفاق کی طرز پر 2016سے  2021 تک ملازمین کے ایڈہاک ریلیف الاؤنسز ضم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ بنیادی تنخواہ سکیل 2022 پر نظر ثانی بھی کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا ہے کہ سندھ حکومت بھی سرکاری ملازمین کیلئے وفاقی حکومت کی طرز پر بنائے گئے پیٹرن پر عمل درآمد کررہی ہے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے یکم جولائی 2022 سے سرکاری ملازمین کے بنیادی تنخواہوں میں 15فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح گریڈ ایک سے 16 کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 33 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں یہ اضافہ 30 فیصد ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ کابینہ کا 1.713 ٹریلین روپے کا ٹیکس فری بجٹ منظور

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ 2013 سے 2021 تک دیے گئے ریلیف الاؤنسز کو یکم جولائی 2022 سے ختم کیا جارہا ہے۔ مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر دیگر صوبوں نے ملازمین کی تنخواہ میں زیادہ اضافہ کیا تو سندھ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سندھ حکومت نے پولیس کانسٹیبل کو بھی گریڈ 5 سے ترقی دیکر گریڈ 7 میں کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پینشن:

وزیراعلیٰ سندھ نے بجٹ تقریر میں کہا ہے کہ سندھ حکومت فروری 2022 سے وفاقی حکومت کی طرز پر پنشنرز کو 22 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ رہے رہی ہے۔ اب بھی یکم جولائی 2022 سے پنشن میں 5 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ کے پنشنرز کو پہلے ہی 12 اعشاریہ 5 فیصد اضافے کے ساتھ پنشن مل رہی ہے۔ 

مزیدخبریں