(عرفان ملک) ٹریفک پولیس کی جانب سے لین لائن، سٹاپ لائن اور ون وے کی خلاف ورزی پر بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے سی ٹی او مستنصر فیروز نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹولرنس اپنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔
احکامات میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی موٹرسائیکل، گاڑی سٹاپ لائن سے آگے کھڑی نظر نہ آئے، وارننگ کے باوجود تجاوزات قائم کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج کروائے جائیں، اسی طرح رانگ پارکنگ اور غیرقانونی پارکنگ اسٹینڈز قطعی برداشت نہیں۔
بغیر ہیلمٹ اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے کسی رعائت کے بغیر انکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
سی ٹی او کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ منظم ٹریفک کیلئے سیف سٹی کمیروں سے بھی مدد لی جائے جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر متعلقہ انچارج اور ڈی ایس پی جوابدہ ہوگا۔