(24 نیوز) ٹی 20 ورلڈکپ میں سابق کپتان محمد حفیظ کے قومی کرکٹر اعظم خان کے بارے میں ریمارکس پر انضمام الحق برہم ہوگئے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ماضی میں اعظم خان کی فٹنس کے حوالے سے بورڈ اور ان کے ذاتی ٹرینر کو کام کرنے پر آمادہ کیا گیا تھا لیکن اعظم خان کوئی تبدیلی نہ لاسکے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر پوری ٹیم 2 کلومیٹر کا فاصلہ 10منٹ میں طے کرے تو یہی کام کرنے کیلئے اعظم خان 20 منٹ کا وقت لیں گے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ اعظم خان خود بین الاقوامی کرکٹ کے لیے سنجیدہ سوچ کا مظاہرہ نہیں کر رہےاور ان کے خیال میں اعظم خان انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے تیار ہی نہیں تھے۔
اس حوالے سے 24 نیوز کے پروگرام’کرکٹ ہنگامہ‘میں گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم میں جنہوں نے 2 کلومیٹر کا فاصلہ 10منٹ میں طے کیا ہے اُنہوں نے بھی کوئی تیر نہیں مارا ۔ اعظم خان کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جا رہا ہے، جب سب جانتے ہیں کہ ایک آدمی فٹ نہیں ہے جوکہ ٹی 20 ورلڈکپ سے پہلے دیکھا گیا تھا جبکہ اس کی پرفارمنس بھی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں منتخب کرنے سے پہلے 13 میچوں میں صرف 88 سکور تھا ۔ اب آپ نے اُسے ورلڈکپ کیلئے منتخب کیا ہے، آپ اُس سے ٹی 20 ورلڈکپ میں سینچری کی اُمید ر نہٰیں رکھ سکتے ۔
سلیکشن کمیٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ آپ اُن سے پوچھیں کہ کمیٹی نے فٹنس کا سٹینڈرڈ کیا رکھا ہے، اگر کوئی کھلاڑی آپ کی فٹنس پر پورا نہیں ہے تو آپ اُسے سلیکٹ نہیں کرسکتے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ کمیٹی کے مطابق اگر اعظم خان لیگ میں ٹھیک کھیلا ہے اس لیے آپ نے اُس کی سلیکشن کی ہے تو اسی طرح عثمان کو بھی آپ نے لیگ کی وجہ سے سلیکٹ کیا ہے، اُنہوں نے بھی ورلڈکپ میں کوئی کارکردگی نہیں دکھائی ہے کوئی اُنہیں کیوں نہیں کچھ کہہ رہا ہے۔