وفاقی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے

Jun 14, 2024 | 23:21:PM
وفاقی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد تُرک) بجٹ کے بعد وفاقی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے ہونے لگے ، دوسرے روز بھی  اعلیٰ عہدوں پر تعیناتیوں کا  عمل جاری رہا ۔

تفصیلات کے مطابق  پولیس سروس گریڈ 21 کے او ایس ڈی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رفعت مختار کو ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ ڈویژن تعینات کیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری وزارتِ داخلہ عائشہ خالد کا تبادلہ کر کے اُنہیں ایڈیشنل سیکریٹری وزارتِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی تعینات کیا گیا ہے، دریں اثناء ایڈیشنل سیکریٹری (انچارج) آئی ٹی ڈویژن کیپٹن(ر) محمد محمود کی 28 جون تک کی رُخصت منظور کر کے ایڈیشنل سیکریٹری آئی ٹی ڈویژن عائشہ حمیرا کو سیکریٹری آئی ٹی ڈویژن کا اضافی چارج تفویض کیا گیا ہے۔ 

 بلوچستان حکومت میں تعینات پولیس سروس گریڈ 21 کے جواد احمد ڈوگر کا تبادلہ کر کے اُنہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تقرر کے منتظر پولیس سروس گریڈ 20 کے اسرار احمد خان کی خدمات اے این ایف اور پولیس سروس گریڈ 18 کے کامران حامد کی بلوچستان سے تبدیل کر کے پنجاب حکومت کے سپرد کی گئی ہیں، جوائنٹ سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر کونسل سیکرٹریٹ اسلام آباد فیصل نثار چودھری  کا تبادلہ کر کے اُنہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈپٹی سیکریٹری وزارتِ پارلیمانی اُمور علی اکبر خٹک کا تبادلہ کر کے اُنہیں سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت جوائنٹ سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر کونسل سیکرٹریٹ تعینات کیا گیا ہے، مزید برآں سندھ حکومت میں ڈیپوٹیشن پر تعینات آفس مینجمنٹ گروپ گریڈ 18 کے فرحان اختر سیکشن افسر نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن تعینات کئے گئے ہیں، مزید برآں پنجاب حکومت میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 19 کی نازیہ اکبر خان اور بلوچستان حکومت میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 19 کے اسفند یار بلوچ کا تبادلہ کر کے دونوں افسران کی خدمات ڈیپوٹیشن پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سپرد کی گئی ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرر و تبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول 10 روپے 20 پیسے فی لیٹر سستا