دیر سے سونے کی عادت۔۔ ماہرین نے متنبہ کر دیا، وجہ کیا ہے؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)چار لاکھ لوگوں کے اعداد و شمار پر کی جانے والی تحقیق کے دوران جلد سونے اور طویل زندگی میں ایک ربط سامنے آیا ہے۔ تحقیق میں شامل افراد کی عمریں 38 برس سے 73 برس کے درمیان تھیں۔اس منفرد تجربے سے ناقابل یقین حقائق سامنے آئے ہیں۔
ماہرین کی طرف سے مناسب دورانیے کی نیند صحت مند رہنے کے لئے ضروری قرار دی جاتی ہے۔ اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ مناسب دورانیے کی نیند ہم میں سے ہر ایک کے لئے اہم ہے کیونکہ نیند نہ صرف اس تھکن کو دور کر دیتی ہے بلکہ اس دوران ہمارا جسم نئے دن کے چیلنجز کے لئے خود کو تیار کرتا ہے۔انسانی جسم پورے دن کی مصروفیت اور دباؤ کے سبب جس تھکن کا شکار ہوتا ہے۔
سرے یونیورسٹی اور نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے ماہرین کی یہ تحقین چار لاکھ مرد اور خواتین کی صحت سے متعلق معلومات پر مشتمل ہے جن کی عمریں 38 برس سے 73 برس کے درمیان تھیں۔ اس تحقیق میں شامل کئے جانے والے اعداد وشمار ساڑھے چھ سال تک کے عرصے پر مشتمل تھے۔
اس اسٹڈی سے معلوم ہوا ہے کہ ایسے لوگ جو رات کو دیر تک جاگتے رہتے ہیں اور پھر دن کو دیر تک سوئے رہتے ہیں وہ دیگر افراد کی نسبت موت کے 10 فیصد زائد خطرے کا شکار ہوتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق رات کو دیر تک بیدار رہنے والے مختلف قسم کے نفسیاتی اور جسمانی مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔
مناسب حد تک نیند اور پھر صبح جلد بیدار ہونے سے نہ صرف ہمارے جسم کی توانائی بحال ہو جاتی ہے بلکہ اب ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بات یہاں تک محدود نہیں ہے۔ اس تحقیق سے جلد جاگنے اور طویل العمری میں ایک ربط سامنے آیا ہے۔ اس تحقیق کے مطابق ایسے لوگ جو صبح جلد بیدار ہوتے ہیں اور مناسب دورانیے کی نیند لیتے ہیں ان کی زندگی طویل ہوتی ہے۔ جرمن میگزین 'فروئنڈینن‘ کے مطابق اس تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ رات کو دیر سے سونے والے موت کے زیادہ خطرے کا شکار ہوتے ہیں۔
اس تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے ایسے لوگ جنہیں صبح جلد بیدار ہونا ہوتا ہے مثال کے طور پر ملازمت یا دیگر مصروفیات کے سلسلے میں، تو انہیں چاہیے کہ وہ لازمی طور پر رات کو جلد سو جائیں تاکہ ان کے جسم کو جتنی نیند کی ضرورت ہوتی ہے وہ پوری کر سکیں۔ کیونکہ نیند کے حوالے سے غلط اوقات کار یا عادت صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ماہرین کے مطابق صحت مند رہنے کے لئے ضروری ہے کہ انسان روزانہ سات سے آٹھ گھنٹے کی نیند لازمی طور پر لے۔
رات کی اچھی اور پرسکون نیند کے لئے بعض سادہ مگر مؤثر طریقے مدد کر سکتے ہیں۔ مثلاً سونے سے قبل چائے، کافی اور گرین ٹی جیسے مشروبات وغیرہ سے بھی اجتناب کرنا چاہیے۔روزانہ رات کو ایک ہی وقت پر بیڈ پر چلے جانا، مناسب روشنی اور کمرے کا درجہ حرارت مناسب رکھنا جلد اور اچھی نیند میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔