(24 نیوز) کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ متحرک ، لاہور سمیت پنجاب کے 7 شہروں میں 29 مارچ تک سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا، کاروباری مراکز شام 6 بجے بند، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی ہوگی۔ شادی ہالز، مارکیز اور کمیونٹی سینٹرز بھی کل سے بند، صرف کھلے مقامات پر تقریبات کی اجازت ہوگی، تین سو سے زائد افراد کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
کورونا کی متوقع تیسری لہر کے منڈلاتے خطرات عوام کے تحفظ کےلئے حکومت پنجاب کے اہم فیصلے، لاہور،راولپنڈی،سرگودھا،فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات میں 29مارچ تک سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔لاہور، راولپنڈی سمیت سات شہروں میں کاروباری مراکز شام 6 بجے بند ہونگے، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی ہوگی۔ ان ڈور، آؤٹ ڈور شادی ہالز، کمیونٹی سنٹرز اور مارکیز 15مارچ سے مکمل بند، میڈیکل سروسز، پٹرول پمپس، اشیاء ضروریہ کی دکانیں چوبیس گھنٹے کھلی رہیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل سروسز، فارمیسیز، میڈیکل سٹورز، لیبارٹریاں اورکولیکشن سنٹرز 24گھنٹے کھلے رہیں گے۔ گراسری سٹورز،جنرل سٹورز، آٹا چکیاں، سبزی ،، پھل کی دکانیں، تنور اور پٹرول پمپس پورا ہفتہ 24گھنٹے کھولنے کی اجازت ہے جبکہ ٹائرپنکچر شاپس، فلنگ پلانٹس، ورکشاپس، سپئیرپارٹس، زرعی مشینری اورآلات کی دکانیں بھی کھل سکیں گی۔
ریسٹورنٹس اور کیفے میں بیٹھ کر کھانے پر پابندی، صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ سماجی و مذہبی تقریبات میں 50 افراد شامل ہوسکیں گے۔ سات شہروں کے علاوہ باقی اضلاع میں 300سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر پابندی ہوگی۔تفریحی مقامات اورپارکس شام 6بجے بند کرادیئے جائیں گے، سینما ہالز اور تھیٹرز مکمل طور پر بند رہیں گے، سرکاری ونجی دفاترکو 50فیصد اسٹاف بلانے کی اجازت ہوگی۔ ان ڈور، آؤٹ ڈور میرج ہالز، کمیونٹی سنٹرز اور مارکیز کو پندرہ مارچ کو بند کیا جائے گا۔ہفتہ اور اتوار کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی، نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔