(24 نیوز) اکیس مارچ کو پی ٹی آئی ممبران صدر ، جنرل سیکرٹری اور دیگر سیٹوں پر انتخاب کریں گے، برطانیہ میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی کے پہلے مرحلے میں ریجنل انتخابات مکمل ہونے کے بعد نیشنل الیکشن کے لئے بھاگ ڈور شروع ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے مختلف شہروں سے پی ٹی آئی کے امیدواروں پر مشتمل دو پینلز جذبہ ٹیم اور یونائیٹڈ فار پاکستان پینلز بیس اور اکیس مارچ کو آمنے سامنے ہوں گے۔ برطانیہ میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی نیشنل الیکشن میں لندن اور نارتھ ویسٹ کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ لندن سے صدر کے لئے بیرسٹر وحید الرحمان اور جذبہ ٹیم کے صدر کے امیدوار رانا عبدالستار ہیں۔
جنرل سیکرٹری کیلئے جذبہ ٹیم کے امیدوار اسلم بھٹہ اور یونائیٹڈ فار پاکستان پینل سے امیدوار سیف چودھری مدمقابل ہیں۔ برطانیہ بھر سے پی ٹی آئی کے گیارہ ہزار ایک سو انتالیس ممبران بیس مارچ رات دس بجے سے اکیس مارچ رات دس بجے تک اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔
دونوں گروپس اپنی اپنی سطح پر محنت کررہے ہیں، اکیس مارچ کو فائنل ہوگا کہ برطانیہ میں پی ٹی آئی کا مرکزی صدر کون ہوگا۔