آن لائن گیم سے دوستی اور پھرشادی ،سسرال پہنچتے ہی لڑکی حیرت میں ڈوب گئی

Mar 14, 2021 | 20:33:PM

(24 نیوز) آج کل کے نوجوانوں میں آن لائن گیمز کھیلنے کا رجحان تیزی سے بڑھتا جارہا ہے، ان گیمز نے نوجوانوں کو مختلف ذہنی بیماروں کا شکار بنا دیا ہے۔ اس کے علاوہ آن لائن موبائل گیمز کھیلنے سے لڑکے لڑکیوں کی دوستی میں بھی اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آن لائن گیم سے دوستی اور شادی کا دلچسپ واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش میں پیش آیا جہاں نئی نویلی دلہن سسرال پہنچتے ہی حیرت کے سمندر میں ڈوب گئی اور واپس اپنے گھر جانے کا فیصلہ کرلیا۔ آن لائن گیم کھیلتے ہوئے یو پی کی رہائشی لڑکی کی جموئی کے گیارویں جماعت میں پڑھنے والے طالب علم سے دوستی ہوگئی جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ محبت میں تبدیل ہوگئی۔

لڑکے کی محبت میں گرفتار لڑکی کئی سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد لڑکے کے آبائی شہر پہنچ گئی۔ نوجوان جوڑے نے مندر جاکر شادی کرلی اور رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔ لڑکی کے ہوش اس وقت اڑگئے جب وہ اپنے سسرال پہنچی جو ایک جھونپڑی نما گھر تھا۔
شوہر کے لاکھ وعدوں اور دلاسوں کے باوجود لڑکی کے سر پر سوار عشق کا بھوت اتر گیا۔ لڑکی نے فوری اپنے بھائیوں سے رابطہ کیا اور اپنے میکے واپس جانے کا فیصلہ کرلیا۔ بعد ازاں لڑکی کے بھائی اسے واپس گھر لے گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لڑکے نے لڑکی کو جھوٹ بولتے ہوئے عالیشان گھر اور خود کو امیر ظاہر کیا تھا۔ 

مزیدخبریں