شہباز شریف کا عشائیہ۔ زرداری ۔بلاول اور فضل الرحمان سمیت اپوزیشن کی اعلیٰ قیادت کی شرکت

Mar 14, 2022 | 23:13:PM

 (24نیوز)ملکی سیاسی صورتحال گرم سے گرم ہوتی جا رہی ہے۔اپوزیشن کی ہر جماعت حکومت گرانے کیلئے اتحادیوں اور حکومتی ارکان سے رابطے کر رہی ہے،تحریک عدم اعتماد کیلئے ووٹنگ کی تاریخ بھی آ گئی ہے۔
اس حوالے سے پیر کا دن شہر اقتدار میں بڑی ہی اہمیت کا حامل رہا۔حکومت نے اہم اتحادی جماعت مسلم لیگ ق سے رابطہ کیا۔پھر ایم کیو ایم کے وفد نے پہلے آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔ساتھ ہی وہ چودھری برادران کو بھی مل لئے۔اتنا گہما گہمی دیکھ کر وزیر اعظم عمران خان بھی پیچھے نہ رہے اور پارلیمنٹ لاجز پہنچ گئے اور اتحادی جما عتوں بلوچستان عوامی پارٹی اور جی ڈی اے سے ملے۔


لیکن پیر کی شب سب سے بڑی بیٹھک مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریب کے گھر ہوئی جہاں شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن کی قیادت کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ سب سے پہلے پیپلز پارٹی کا وفد پہنچا۔لیگی صدر نے خود پیپلزپارٹی کے وفد کا استقبال کیا۔ وفد میں سابق صدر آصف زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو، سابق وزیراعظم یوسف گیلانی، شیری رحمان اور دیگر شامل تھے۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف،خواجہ سعد رفیق،احسن اقبال،احمد ملک عشائیے میں شریک تھے۔

دوسری طرف حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی عشائیے میں شریک ہوئے، مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم د±رانی و دیگر بھی ہمراہ تھے۔دریں اثنا عوامی نیشنل پارٹی کے امیر حیدر خان ہوتی، ایمل خان ولی، بی این پی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل، جمعیت اہلحدیث کے ساجد میر، شفیق ترین، مبیر کبیر اور شاہ احمد نورانی نے بھی شرکت کی۔ عشائیے کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف کے عشائیے سے قبل اپوزیشن رہنماﺅں کا اجلاس ہوا، جس میں تحریک عدم اعتماد کے لئے رابطوں پر اظہار اطمینان کیا گیا۔


 یہ بھی پڑھیں۔اتحادیوں کو منانے کی کوشش۔”باپ “ اور جی ڈی اے نے وزیر اعظم کو مایوس کر دیا

مزیدخبریں