(علی رامے) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پانچ دریاؤں کی سرزمین پنجاب خوبصورت اور دلفریب ثقافت سے مالامال ہے، صوبہ پنجاب کی ثقافت کا ہر رنگ الگ الگ ہے، پنجاب کی مٹی نے نامور شاعر، دانشور، ادیب، فنکار پیدا کئے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب کے یوم ثقافت پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب کی ثقافت متنوع اور دنیا بھر میں منفرد ہے، پنجاب کی دلکش ثقافت پاکستان کی ثقافت کا دل ہے، محنت، محبت، احترام، پیار پنجاب کی ثقافت کے بڑے ستون ہیں، زراعت پنجاب کی معاشی ثقافت کا اہم حصہ ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب کا صوفی کلچر مٹھاس، امن اور باہمی احترام کی خصوصیات کا حامل ہے، دیہی اور شہری ثقافت دونوں ہی پنجاب کی حقیقی تصویر پیش کرتے ہیں، پنجاب کی ثقافت کو بابا فرید الدین گنج شکرؒ، خواجہ غلام فرید ؒ، بلھے شاہؒ، وارث شاہؒ اور میاں محمد بخش ؒ جیسے عظیم صوفی شعراء نے فروغ دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ یوم ثقافت منانے کا مقصد محبت کی خوشبو کے پیغام کو عام کرنا ہے، پنجاب کے یوم ثقافت پر صوبے کے ہر شہری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔