نقصان میں چلنے والے اداروں کی نجکاری ترجیح،5سالہ معاشی روڈ میپ وزیر اعظم کو پیش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملکی معیشت کی ترقی کیلئے 5 سالہ معاشی روڈمیپ پر اعلٰی سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ملکی معیشت کی ترقی کیلئے معاشی روڈمیپ پیش کیا گیا.
5سالہ معاشی روڈ میپ میں مہنگائی میں کمی، غربت کی تخفیف اور روزگار کی فراہمی کو حصہ بنایا گیا ہے ، وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معیشت کے مختلف شعبوں کے تمام سٹیک ہولڈرز سے اس پلان پر عملدرآمد کیلئے مشاورت کی جائے، وقت ضائع کئے بغیر ملکی معیشت کے استحکام و ترقی کیلئے منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،وزیر اعظم نے ان منصوبوں کے حوالے سے عملدرآمد کا شیڈول بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ زراعت، لائیو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بیرونی سرمایہ کاری، چھوٹے و بڑے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی کی استعداد میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں،حکومتی اخراجات کو کم کریں گے،غریب عوام کے پیسے کو مزید ضائع نہیں ہونے دونگا،آئندہ 5 برس میں ملکی معیشت کو استحکام دے کر اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہےڈیجٹلائیزیشن اور جدت سے محصولات بڑھائیں گے،زرعی شعبے میں بھی جدت سے فی ایکٹر پیداوار بڑھائیں گے،نقصان میں چلنے والے حکومتی اداروں کی ترجیحی بنیادوں پر نجکاری کی جائے گی.
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد جہانزیب، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.،اجلاس کو ملکی معیشت کی ترقی کیلئے روڈ میپ اور کلیدی شعبوں میں مجوزہ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، اجلاس کو بجلی، زراعت و لائیو سٹاک، برآمدی شعبہ، درمیانے و چھوٹے پیمانے کی صنعت، ٹیکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور نجکاری کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی.
وزیرِ اعظم نے ان مجوزہ اقدامات پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے ایک جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی.