(ویب ڈیسک) ترکیہ میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات آج ہو رہے ہیں، صدارتی انتخابات میں صدر رجب طیب اردگان سمیت تین امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔
ملک بھر میں مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
ترک میڈیا کے مطابق صدارتی انتخابات میں ترک صدر رجب طیب اردگان اور اپوزیشن رہنما کمال قلیچ داراوغلو کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے، 28 ویں دور کی پارلیمنٹ کے تعین کیلئے ہونے والے عام انتخابات میں ترکی بھر میں 24 سیاسی جماعتیں اور 151 آزاد پارلیمانی امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
ترکیہ اور ترکیہ سے باہر مقیم تقریباً ساڑھے چھ کروڑ سے زائد ووٹرز رائے شماری میں حصہ لیں گے، انتخاب سے قبل ترک صدر اور ان کے حامیوں نے تاریخی آیا صوفیہ مسجد میں نماز ادا کی اور کامیابی کی دعائیں مانگی۔
رپورٹس کے مطابق ترک ووٹرز 14 مئی کو پانچ سال کیلئے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں ملک کے اقتدار کا فیصلہ کریں گے، یہ الیکشن ایک ایسے وقت پر ہو رہے ہیں جب ترکی کو معاشی بدحالی، مہنگائی اور فروری میں آنیوالے شدید زلزلے کا سامنا کرنا پڑا۔
ترکیہ کی سپریم کونسل چیئرمین احمد ینر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترکیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی زیادہ پارٹیاں انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، صدر رجب طیب، کمال قلیچ دار اوغلو اور سنان اوغنان براہ راست صدارت کے عہدے کیلئے امیدوار ہیں البتہ محرم اینجہ الیکشن سے قبل اپنی دستبرداری کا اعلان کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کیلئے ٹیکنالوجیکل، انفراسٹرکچرل، ممکنہ بجلی کے تعطل یا سائبر حملوں سے بچاؤ سمیت سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں جبکہ تمام انتظامات کے ٹرائل ٹیسٹ بھی کرلیے گئے ہیں۔
سپریم الیکشن کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثر علاقوں میں بھی آج پولنگ کا عمل ملک بھر کے ساتھ جاری رہے گا۔
چیئرمین احمد ینر نے بتایا کہ زلزلہ کے سبب بے گھر ہوکر دوسرے علاقوں میں منتقل ہونے والے افراد بھی ووٹ کا حق استعمال کرسکیں گے، رجسٹریشن کے عمل کے بعد اب وہ اپنے موجودہ مقام سے ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔
اوورسیز بیلٹنگ کے حوالے سے چیئرمین احمد ینر کا کہنا تھا کہ ترکیہ میں صدارتی، پارلیمانی انتخابات کیلئے اوورسیز ووٹنگ کا عمل 9 مئی کو ختم ہو گیا تھا، اس دوران 73 ممالک اور 156 فارن آفسسز میں کاسٹ ہونے والے 1.8 ملین اوورسیز ووٹ ترکیہ پہنچ گئے ہیں۔
چیئرمین سپریم الیکشن کونسل احمد ینر کا کہنا تھا آج ہونے والے صدارتی اور پارلیمانی عام انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل شام پانچ بجے شروع ہو جائے گا۔
ترک میڈیا کے مطابق صدارتی امیدوار کو کامیابی کیلئے 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے، رپورٹس کے مطابق فیصلہ نہ ہوسکا تو زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان 28 مئی کو دوبارہ مقابلہ ہوگا۔