(عابد چوہدری) ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ سرکاری و نجی اداروں پر حملوں، توڑ پھوڑ، تشدد اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث گرفتار افراد کی تعداد اب تک 3 ہزار 1 سو 85 ہوچکی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب بھر میں پرتشدد کاروائیوں کے دوران 152 پولیس افسران اور اہلکار شدید زخمی ہوئے جبکہ پنجاب پولیس کے زیر استعمال 94 گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور انہیں نذر آتش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: جناح ہاؤس پر حملہ، بیشتر شرپسندوں کی شناخت، مقدمات درج
پولیس ذرائع کے مطابق شرپسند عناصر نے لاہور پولیس کی 27 گاڑیاں تباہ کیں، اسکے علاوہ پولیس کانسٹیبلری کی 3 جبکہ 8 نجی گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ پولیس اسٹیشنز اور دفاتر سمیت 22 سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔
آئی جی پنجاب پولیس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جلاؤ گھیراؤ، تشدد اور املاک کو نذر آتش کرنے والے افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ پرتشدد کارروائیوں میں ملوث افراد کی گرفتاریاں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
دوسری جانب پاک فوج اور رینجرز نے لاہور کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا جو کینٹ سے شروع ہو کر مال روڑ اور ڈیوس چوک سے ہوکر ریلوے اسٹیشن پہنچا۔
اس کے بعد ریلوے اسٹیشن سے گڑھی شاہو اور ڈیوس چوک سے ہوتا ہوا مال روڈ سے کینٹ واپس پہنچا۔ پاک فوج اور رینجرز کی 25سے زائد گاڑیوں نے فلیگ مارچ میں حصہ لیا۔