نیب ترامیم کیس: بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت
Stay tuned with 24 News HD Android App
( امانت گشکوری) سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ پیلوں پر سماعت جاری،چیف جسٹس پاکستان نےکہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی چاہیں تو آئندہ سماعت پر بذریعہ ویڈیو لنک دلائل دے سکتے ہیں۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ سماعت کر رہا ہے، جسٹس امین الدین،جسٹس جمال مندوخیل ،جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی بنچ میں شامل ہیں،سماعت کے آغاز پر حکومتی وکیل مخدوم علی خان روسٹرم پر آ گئے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل صاحب آئے ہیں۔
پراسیکیوٹر جنرل نیب عدالت میں پیش ہوئے، وکیل نیب کا کہنا تھا کہ اس کیس میں جو دلائل وفاقی حکومت کے ہونگے ہم انہیں اپنائیں گے۔
سماعت کے آغاز پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ اس مقدمے میں پٹیشنر عمران خان ذاتی حیثیت میں پیش ہونا چاہتے ہیں تو ان کو یہاں پیش کیا جانا چاہیے، وہ اس مقدمے میں ایک فریق ہیں ہم ان کو پیش ہونے کے حق سے کیسے روک سکتے ہیں، یہ نیب کا معاملہ ہے اور ذاتی حیثیت میں پیش ہونا ان کا حق ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ فریق اول کی جانب سے کون وکیل ہے، جس پر وکیل وفاقی حکومت ایڈووکیٹ مخدوم علی خان نے کہا کہ مرکزی اپیل میں خواجہ حارث فریق اول کے وکیل تھے، بعدازاں سماعت میں مختصر وقفہ کر دیا گیا۔
وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوئی تو چیف جسٹس نے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت دے دی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم کا تمام حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کا اعلان
چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ بانی پی ٹی آئی کے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کے انتظامات کئے جائیں، یہ بڑی عجیب صورتحال ہے کہ بانی پی ٹی آئی جو اس مقدمے میں درخواست گزار تھے اور اب اپیل میں ریسپانڈنٹ ہیں ان کی یہاں پر نمائندگی نہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف اگر دلائل دینا چاہیں تو ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دے سکتے ہیں، ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دینے کا بندوبست کیا جائے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کتنے وقت تک ویڈیو لنک کا بندوبست ہو جائے گا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ پرسوں بانی پی ٹی آئی کی بذریعہ ویڈیو لنک پیشی کے انتظامات کر لئے جائیں۔عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ 16 مئی کو بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذرائعے پیش ہونے کا حکم دےدیا۔
بعد ازاں جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ میری رائے میں اس معاملے میں لارجر بینچ بننا چاہیے، ہائی کورٹس میں نیب قانون کے خلاف آئین ہونے سے متعلق درخواستیں زیر التوا ہیں، اس معاملے میں ہم ایک مقدمے کو ہمیشہ نظر انداز کرتے ہیں اور وہ ہے بینظیر بھٹو کیس، بینظیر بھٹو مقدمے کی رو سے وفاقی حکومت کی اپیل ناقابل سماعت ہے، عدالت متاثرہ فریق کی تشریح کر چکی ہے کہ حکومت متاثرہ فریق نہیں ہوسکتی۔
جسٹس اطہر من اللہ کا مزید کہنا تھا کہ آرٹیکل 184کی شق تین کے تحت کوئی درخواست قابل ہی نہیں ہو سکتی جب کوئی درخواست ہائی کورٹ میں زیر التوا ہو۔
مخدوم علی خان نے کہا کہ میں اس آبزرویشن پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دوران سماعت بینچ کی تشکیل پر پریکٹس اینڈ پروسیجر کے تحت قائم نہ ہونے کا اعتراض کیا تھا۔
جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا تھا کہ لارجر بینچ کی تشکیل کی استدعا کس بنیاد پر کی تھی یہ آئینی تشریح کا کیس تو نہیں تھا، مخدوم علی خان نے بتایا کہ درخواستوں میں ترامیم کو آئین سے متصادم ہونے کی استدعا کی گئی تھی۔
اس پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ایک مسئلہ درخواستوں کے قابل سماعت ہونے کا بھی تھا، سپریم کورٹ کا 11 رکنی بینچ ماضی میں ایسی درخواستوں پر فیصلہ دے چکا ہے، بینظیر بھٹو کیس کا فیصلہ اس موجودہ بینچ پر بھی لاگو ہوگا، الیکشن کیس میں بھی یہی اعتراض کیا گیا تھا، میری نظر میں بانی پی ٹی آئی کی درخواستیں ناقابل سماعت نہیں تھیں۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیے کہ اگر الیکشن کی تاخیر چاہنے والے ہر ہائی کورٹ سے رجوع کریں اور انتخابات چاہنے والے سپریم کورٹ سے تو کیا ہوگا؟ اگر سپریم کورٹ کہے ہائی کورٹس کو فیصلہ کرنے دیں تو تاخیر ویسے ہی ہوگئی۔
چیف جسٹس فائز عیسی نے مزید کہا کہ جس کے خلاف بھی فیصلہ ہو اسے اپیل کا حق ہوتا ہے،جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ کسٹمز ایکٹ کیس میں عدالت قرار دے چکی کہ کوئی محکمہ متاثرہ فریق نہیں ہوسکتا۔
اس موقع پر مخدوم علی خان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کسٹمز کے کیس میں اپیل ایک افسر نے دائر کی تھی، کیا وفاق کو کوئی حق نہیں کہ اپنے بنائے ہوئے قانون کا دفاع کر سکے؟ نیب ترامیم سے بانی پی ٹی آئی کو کوئی ذاتی نقصان نہیں ہوا تھا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ مناسب ہوگا آپ اپنے بنیادی نکات ہمیں لکھوا دیں، بنیادی نکات عدالتی حکم کے ذریعے عمران تک پہنچ جائیں گے تاکہ وہ جواب دے سکیں، اس وقت بانی پی ٹی آئی آپ کے دلائل نہیں سن رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کیس میں قانونی شقوں کا معاملہ ہے، اگر ہم خود کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں تو پھر ٹھیک ہے۔
بعد ازاں وفاقی حکومت کے وکیل نے جسٹس منصور علی شاہ کا اختلافی نوٹ پڑھنا شروع کردیا۔
اس موقع پر جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ کیا نیب ترامیم میں آئینی شق کی تشریح کا سوال تھا؟ وکیل وفاقی حکومت نے جواب دیا کہ نیب ترامیم کو آئین کے تحت جانچنے کا سوال تھا۔
بعد ازاں مخدوم علی خان نے کہا کہ مرکزی درخواست گزار نے خود جو کہا اس کے الفاظ دیکھیں،پی ٹی آئی دور میں ترامیم دو صدارتی آرڈیننس کے ذریعے کی گئیں، بعد میں اتحادی حکومت نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے کی گئی ترامیم کو برقرار رکھا، اس درخواست کا ڈرافت کس نے تیار کیا تھا، 2021میں پی ٹی آئی میں کی گئی ترامیم کو خلاف آئین قرار دیا گیا،
چیف جسٹس پاکستان نے ریماکرس دیے کہ کیا یہ قابل ذکر دلیل ہو سکتی ہے؟
مخدوم علی خان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے جو ترامیم کیں ان کا اطلاق 1985 سے کیا گیا، چیف جسٹس پاکستان نے دریافت کیا کہ کیا ہم خواجہ حارث کو دلائل دینے کے لیے مجبور کر سکتے ہیں؟
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ خواجہ حارث کو عدالتی معاون مقرر کیا جاسکتا ہے جس پر جسٹس قاضی فائز عیسی نے بتایا کہ عدالتی معاون غیر جانبدار ہوتا ہے، وہ وکیل جو کسی فریق کا وکیل رہ چکا ہو اسے عدالتی معاون مقرر نہیں کیا جاسکتا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے مزید کہا کہ جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے جب آرڈیننس آئے تو اس وقت کی حکومت اور عمران خان نے ان ترامیم کو سپورٹ کیا، اس وقت کہا گیا کہ نیب کی وجہ سے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں، معیشت متاثر ہو رہی ہے۔
مخدوم علی خان نے جسٹس اطہر من اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی یادداشت بہت شاندار ہے، پی ٹی آئی حکومت کے وزیر قانون اور وزیر خزانہ نیب کیخلاف بیانات دیتے رہے تھے۔
جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ یہاں ہمارے پاس 57 ہزار کیس زیر التو ہیں، ہم اس کیس پر وقت کیوں ضائع کریں، اس کیس میں بنیادی درخواستگزار کی نیک نیتی ثابت نہیں تھی، جسٹس منصور علی شاہ نے درست کہا تھا کہ کیس لانے والوں نے پارلیمنٹ میں کردار کیوں ادا نہیں کیا؟نیب ترامیم کا معاملہ ہائی کورٹ میں تھا ہم دیگر سائلین کا وقت اس کیس کو کیوں دیں؟ پارلیمنٹ کی نیب قانون میں کی گئی ترامیم پی ٹی آئی دور کے آرڈیننس اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں کی گئیں، پارلیمنٹ کی ترامیم کا مقصد ان افراد کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا تھا جن پر نیب کے لگائے گئے الزامات غلط ثابت ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 4 رکنی بینچ نے نیب ترامیم کو بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر کالعدم قرار دے کر سیاست دانوں کے 50 کروڑ سے کم مالیت کے کرپشن کیسز نیب کو منتقل کر دیئے تھے۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں بے نامی کی تعریف، آمدن سے زائد اثاثوں اور بار ثبوت استغاثہ پر منتقل کرنے کی نیب ترمیم کالعدم قرار دی تھیں، عدالت عظمیٰ نے حکم دیا تھا کہ عوامی عہدوں پر بیٹھے تمام افراد کے مقدمات بحال کیے جاتے ہیں۔