شیریں مزاری کی گرفتاری کیخلاف درخواست، عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سال 2022 میں اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے سابق وفاقی وزیر شیری مزاری کی گرفتاری کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ڈاکٹر شیریں مزاری کی 2022 میں اسلام آباد سے ہونے والی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت وکیل درخواست گزار فیصل چودھری اور ایمان مزاری عدالت میں پیش ہوئے، اس کے علاوہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دُوگل بھی عدالت میں پیش ہوئے،دوران سماعت عدالت نے اینٹی کرپشن پنجاب کے حکام سے استفسار کیا کہ کیا آپ کی ٹیم گرفتاری کے لیے آئی تھی؟ اینٹی کرپشن حکام نے جواب دیا کہ 21 مئی 2022 کو ہم گرفتاری کے لیے آئے تھے، ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ہم نے شیریں مزاری کو نوٹس بھی کیا تھا۔ گرفتاری سے پہلے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا، تھانہ کوہسار کی پولیس ہمارے ساتھ تھی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ اینٹی کریشن حکام کو چاہیے تھا کہ گرفتاری کے بعد انہیں مجسٹریٹ کے پاس لے کر جاتے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے جب کسی کی گرفتاری غلط ڈیکلئیر ہو جائے تو اس دوران جو ہوا اس کی حیثیت کیا ہوگی؟ ہم صرف یہ دیکھ رہے ہیں اسلام آباد سے ہمارے دائرہ اختیار کے اندر گرفتاری درست ہوئی یا نہیں، اگر کسی دوسرے صوبے سے گرفتاری چاہیے ہوگی تو کیا باہر سے کوئی آکر اٹھا کر لے جائے گا؟ ایسے منہ اٹھا کر کوئی دوسرے صوبے میں جا کر کیسے گرفتار کر سکتا ہے؟ یہ تو ایسے ہی ہوا یہاں کورٹ سے ایک آدمی اٹھا کر لے گئے، دروازے توڑ کے، چیزیں توڑ کے لے گئے، کیا ایسے ہی گرفتاری ہوئی تھی؟ پھر وہ گرفتاری سپریم کورٹ کے غیر قانونی قرار دے دی تھی۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جو آج ہو رہا ہے، 2 سال بعد دوسرے والوں کے ساتھ ہو رہا ہو گا اور ہم یہیں بیٹھیں ہوں گے، وقت وقت کی بات ہے، یہ سائیکل ہے، کل ادھر والے دوسری طرف کھڑے ہوں گے، آج جو حکومت میں ہیں، کل وقت بدلے گا تو وہ اٹھائے گئے ہوں گے۔عوامی نمائندوں کو تحفظ اسی لیے دیا ہوتا ہے کہ وہ غلط کام سے انکار کر سکیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ کل ان کو بھی بچانے کوئی نہیں آئے گا اور یہ حالات کا سامنا کریں گے، انہوں نے تو جو کرنا تھا وہ کر لیا، ہراسگی کرلی میڈل بھی لے لیے، یہ جو اس عدالت کے اندر ہوا ہم تو اس کی انکوائری نہیں کر سکے،اس موقع پر وکیل فیصل چوہدری نے کہا یہاں ہائی کورٹ کا تو پرچہ بھی درج نہیں ہوا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئےشیریں مزاری کمیشن نے ایکشن کی سفارش کی ہوئی ہے کمیشن ریورٹ اور عدالت کے فیصلے کے تناظر میں ہم نے آگے چلنا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے شیریں مزاری کی گرفتاری کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔