پاکستان اور آئرلینڈ کے مابین تیسرا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان اور آئرلینڈ کے مابین تیسرا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا اور قومی ٹیم کا آج کے میچ کے لئے ممکنہ سکواڈ بھی سامنے آ گیا ہے۔
پاکستان اور آئر لینڈ کی ٹیمیں تین میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے آخری میچ کے لئے آج کلونٹرف کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان کو آئرلینڈ کے خلاف پہلے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن گرین شرٹس نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں محمد رضوان اور فخر زمان کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 140 رنز کی شراکت کی بدولت 7 وکٹوں کی فتح کے ساتھ زبردست واپسی کی۔
تیسرے اور آخری میچ سے قبل قومی ٹیم کی ممکنہ پلیئگ الیون سامنے آگئی ہے جس کے مطابق ٹیم انتظامیہ میچ کے لئے تین اسپنرز کا انتخاب کر سکتی ہے اور نسیم شاہ کو آرام دیا جا سکتا ہے۔
صائم ایوب اور محمد رضوان کے ایک بار پھر اننگز کا آغاز کرنے کا امکان ہے جبکہ بابر اعظم ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلیں گے۔
افتخار احمد اور عماد وسیم کا چھٹے اور ساتویں نمبر پر کھیلنے کا امکان ہے۔ممکنہ سکواڈ میں محمد رضوان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد، محمد عامر اور عباس آفریدی شامل ہیں۔