وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن 19 مئی کو ٹیم جوائن کریں گے

May 14, 2024 | 17:19:PM
وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن 19 مئی کو ٹیم جوائن کریں گے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن 19 مئی کو قومی ٹیم میں شمولیت اختیار کریں گے جبکہ سپورٹ سٹاف میں فیلڈنگ کوچ سائمن ہیلمٹ  اور مینٹل پرفامنس کوچ ڈیوڈ ریڈ  نے ٹیم میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج اعلان کیا ہے  کہ گیری کرسٹن پاکستان ٹیم کے وائٹ بال  ہیڈ کوچ کے طور پر اپنی دو سالہ  مدت کا آغاز کرنے کے لیے 19 مئی کو لیڈز میں پاکستان ٹیم میں شمولیت اختیار کرلیں گے، گیری کرسٹن  22 مئی کو ہیڈنگلے میں انگلینڈ کے خلاف 4 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آغاز سے 3 دن قبل ٹیم میں شامل ہوں گے، اس سیریز کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں منعقدہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں حصہ لے گی جس میں پاکستان ٹیم 6 جون کو ڈیلاس میں اپنے افتتاحی میچ میں میزبان امریکہ کا مقابلہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کی ٹریننگ ٹھیک نہیں ہوئی، شائقین کرکٹ کا چئرمین پی سی بی سے شکوہ 
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے 56 سالہ گیری کرسٹن  کو گزشتہ ماہ وائٹ بال کا ہیڈ کو چ مقرر کیا گیا تھا جبکہ آسٹریلیا کے جیسن گلیسپی کی تقرری ریڈ بال کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے کی گئی تھی، جیسن گلیسپی  اگست میں بنگلہ دیش کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی سیریز سے قبل جولائی میں  پاکستان پہنچ کر ذمہ داری سنبھالیں گے۔
اگلے ماہ ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 اور دیگر دو طرفہ وائٹ بال سیریز کے علاوہ گیری کرسٹن پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025، بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی  ورلڈ کپ 2026 اور اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2025 میں بھی پاکستان ٹیم  کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔

گیری کرسٹن کا کہنا ہے  میں پاکستان کی مینز کرکٹ ٹیم کے ساتھ اس نئے سفر کا آغاز کرنے کے لیے  پرجوش ہوں، ایسی باصلاحیت اور متحرک ٹیم کی کوچنگ کرنا اعزاز کی بات ہے اور میں بین الاقوامی سطح پر ان کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے بے چین ہوں، یہ پاکستان کرکٹ کے لیے واقعی سنسنی خیز لمحات ہیں، ایک نئی انتظامیہ اور کھلاڑی  ٹھوس نتائج دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آنے والا آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 ہمارے لیے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور کرکٹ میں ایک مضبوط قوت کے طور پر پاکستان کی پوزیشن کو برقرار رکھنے کا ایک شاندار موقع پیش کررہا ہے تاہم کامیابی کے لیے اجتماعی کوشش، منصوبہ بندی اور ایک دوسرے کے لیے غیر متزلزل تعاون کی ضرورت ہو گی، 19 دیگر ٹیمیں ٹائٹل کے لیے کوشاں ہیں، ہمیں اپنی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے اپنے حریفوں کو مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیچھے چھوڑنا چاہیے، میں ٹیم کے ساتھ مل کر ان کے کھیل کے معیار کو بلند کرنے اور دنیا بھر کے شائقین کے لیے خوشی لانے کے لیے پرعزم ہوں۔
گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ تسلسل اور مستقل مزاجی میرے لیے اہم ہے، میں کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے اور انہیں وہ اعتماد فراہم کرنے پر یقین رکھتا ہوں جس کی انہیں بہترین کارکردگی کے لیے ضرورت ہے، یقین رکھیں ایک بار جب میں نے کسی کھلاڑی کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا تو میں  ان کے ساتھ کھڑا رہوں گا، ایک ایسے ماحول کو فروغ دینے کے لیے کہ جس میں وہ آگے بڑھ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کے کامیاب ترین کپتان بن گئے
دریں اثنا، پی سی بی نے ٹیم انتظامیہ کی تجویز پر سائمن ہیلمٹ (فیلڈنگ کوچ) اور ڈیوڈ ریڈ (مینٹل پرفارمنس کوچ) کو پلیئر سپورٹ سٹاف میں شامل کرلیا ہے، ڈیوڈ ریڈ 20 مئی کو ٹیم میں شامل ہوں گے اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 تک ذمہ داری نبھائیں  گے جبکہ ہیلمٹ 31 مئی کو ٹیم میں شمولیت اختیار کریں گے۔

اس وقت ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دینے والے آفتاب خان ہیلمٹ کی آمد کے بعد آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ہائی پرفارمنس کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔