تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں آئرلینڈ کو شکست، پاکستان نے سیریز اپنے نام کر لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(افضل بلال) تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے میزبان آئرلینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔
کلونٹرف کرکٹ کلب گراؤنڈ ڈبلن میں کھیلے گئے پاکستان آئر لینڈ ٹی 20 سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 179 رنز کے ہدف کو باآسانی 17 اوورز میں عبور کر لیا، پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد رضوان نے اس میچ بھی نصف سیچری کی اور 38 گیندوں پر 56 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، علاوہ ازیں، اوپنر صائم ایوب 14، افتخار احمد 5 رنز بنا سکے جبکہ اعظم خان نے ایک بار پھر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 18 رنز کی ناقابلِ شکست دھواں دار اننگز کھیلی، آئرلینڈ کی جانب سے مارک اڈیئر نے عمدہ گیند بازی کرتے ہوئے 28 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں اور کریگ ینگ نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
Pakistan win the final T20I by six wickets ✅@babarazam258 and @iMRizwanPak boss the chase with a stellar batting display #IREvPAK | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/Kcf6x09peF
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 14, 2024
آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 178 رنز بنائے، آئرلینڈ کی جانب سے کپتان لوکران ٹکر نے 41 گیندوں پر 73 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، انڈریو بالبرنی نے 35 اور ہیری ٹیکٹر نے ناقابلِ شکست 30 رنز سکور کیے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 4 اووز میں صرف 14 رنز کے عوض 3 شکار کیے جبکہ عباس آفریدی نے 2، محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
یہ بھی پڑھیں: انگلش کرکٹرز کا پاکستان سے سیریز کو آئی پی ایل پر ترجیح دینا سابق بھارتی کپتان سے برداشت نہ ہوا، انوکھا مطالبہ کر دیا
قبل ازیں پاکستان نے میزبان آئرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ٹاس کے موقع پر کپتان بابراعظم نے کہا کہ پچھلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی جیتنے کے لئے پر امید ہیں، تمام کھلاڑی اچھی پرفارمنس دینے کے لئے پرجوش ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ آئرلینڈ کو کم سے کم رنز تک محدود کریں، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے نسیم کی جگہ پر حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب آئرلینڈ کے کپتان پال سٹرلنگ نے کہا اگر وہ بھی ٹاس جیت جاتے تو پہلے فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کرتے، پاکستان جیسی ورلڈ کلاس ٹیم کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے، اس میچ میں فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دیں گے اور سیریز جیت کر تاریخ رقم کریں گے۔
واضح رہے کہ 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے، پہلے میچ میں میزبان آئرلینڈ نے 5 وکٹوں سے میچ جیتا اور دوسرے میچ میں پاکستان نے 7 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔