قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی گزشتہ کئی ماہ سے واجبات سے محروم

May 14, 2024 | 22:27:PM
قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی گزشتہ کئی ماہ سے واجبات سے محروم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو تاحال پچھلے کئی ماہ کے واجبات نہ ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔

قومی ہاکی ٹیم نے اذلان شاہ کپ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل تک ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا اور ایونٹ میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیاتاہم اتنا شاندار کھیل پیش کرنے والے کھلاڑی کافی دنوں سے اپنے واجبات سے محروم ہیں جس کے سبب انہیں مشکلات کا سامنا ہے، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایشین گیمز، ایشین جونئیر ہاکی کپ، عمان میں ہونے والے فائیو سائیڈ ورلڈ کپ، اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ، جونئیر ورلڈ کپ اور6 ڈومیسٹک کیمپس کے ڈیلی الاؤنس تاحال ادا نہیں کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی، وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی کھلاڑیوں کیلئے خزانے کا منہ کھول دیا

معاملے سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو اگست 2023 میں بھارت میں کھیلے جانے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی کے آدھے واجبات کئی ماہ گزرنے کے باوجود اب تک ادا نہیں کیے گئے، ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 20، 20 ہزار روپے ڈیلی الاؤنس دیا گیا حالانکہ جبکہ فی کس ڈیلی الاؤنس 150 ڈالر تھا جو 40 ہزار سے زائد بنتا ہے۔

اسی طرح اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم کی شاندار پرفارمنس کے باوجود کھلاڑیوں کو اب تک ڈیلی الاؤنس کی مد میں ایک روپیہ ادا نہیں کیا گیا، ایک کھلاڑی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہر میچ کے بعد ڈیلی الاونس دینے کی تسلی دی جاتی رہی لیکن رقم ادا نہ کی گئی، فائنل میچ سے پہلے ڈیلی الاؤنس کی ادائیگی کا وعدہ کیا گیا تاہم فائنل کے بعد بھی کھلاڑیوں کو کچھ نہ ملا جبکہ کھلاڑیوں کو ایونٹ کے دوران شاپنگ کے لیے بھی پیسے نہیں دیئے گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صرف اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے اسلام آباد میں لگنے والے کیمپ کا ڈیلی الاؤنس ادا کیا گیا تھا۔