( اشرف خان ) آئیڈیاز پندرہ سے اٹھارہ نومبر کو کراچی ایکسپوسینٹر میں منعقد ہوگی، گیارہویں ایڈیشن میں متعدد بے مثال سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں جدید دفاعی ٹیکنالوجیز کا مظاہرہ، انٹرنیشنل سیمینار، آّئیڈیاز کراچی شو، نیٹورکنگ اور بزنس ٹو بزنس ، بزنس ٹو گورنمنٹ ملاقاتوں کے ذریعے کاروبار کی توسیع کے مواقع شامل ہیں۔
آئیڈیاز 2022 عالمی دفاعی صنعت کو اپنی جدید اختراعات اور ٹیکنالوجیز دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کریگی۔ سینئر سول، تجارتی اور ملٹری وفود بڑی تعداد میں اس ایونٹ میں شرکت کریں گے۔ یہ بات وزارت دفاعی پیداوار کے ادارے ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے حکام نے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ آئیڈیاز میں منعقدہ تعارفی تقریب کے دوران ملکی و غیرملکی میڈیا کے اراکین کو بریفنگ میں بتائی۔
نمائش کا افتتاح 15نومبر کو ایک پروقار افتتاحی تقریب میں کیا جائے گا جو 18نومبر تک جاری رہے گی۔ پہلے دو روز مندوبین، تجارتی وفود اور نیٹ ورکنگ سرگرمیوں کے لیے منعقد کیے گئے ہیں۔ معروف ملکی و بین الاقوامی ماہرین اس موضوع پر اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔ سیکریٹری وزارت دفاعی پیداوار لیفٹنٹ ریٹائرڈ ہمایوں عزیز سیمینار کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
آئیڈیاز 2022، گیارہویں ایڈیشن کو خاص بنانے کے لیے پاکستان پوسٹل سروسز نے 20روپے مالیت کا یادگاری ٹکٹ بھی جاری کیا ہے۔ اس موقع پر پاکستان کی دفاعی صنعت کی نئی ایجادات کا افتتاح اور نمائش بھی کی جائیگی۔
آئیڈیاز2022نے بکنگ، ملکی و بین الاقوامی شرکاءاور مندوبین کی تعداد اور نمائش کی جگہ کے لحاظ سے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ کراچی ایکسپو سینٹر کی پوری گنجائش کے ساتھ منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں ترکی، چین، نارتھ امریکا، ساوتھ امریکا، یورپ، ایشیا اور فار ایسٹ ملکوں کی کمپنیوں کا تناسب 60فیصد جبکہ ملکی اداروں اور کمپنیوں کا تناسب 40فیصد ہے۔ تجارتی مندوبین کے علاوہ 64ملکوں کے 285اعلیٰ سطح کے مندوبین بھی نمائش کا دورہ کریں گے۔
اس موقع پر غیرملکی مندوبین، اہم سرکاری شخصیات اور نمائش کے شرکاءکے درمیان سیکڑوں کی تعداد میں بی ٹو بی اور بی ٹو جی ملاقاتیں بھی منعقد ہوں گی۔ آئیڈیاز پاکستان کا قومی ایونٹ ہے اور کراچی کے عوام دنیا بھر سے اس ایونٹ میں شرکت کے لیے آنے والے غیرملکی مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں۔
آئیڈیازکی نمائش 15سے 18نومبر کو کراچی ایکسپوسینٹر میں منعقد ہوگی
Nov 14, 2022 | 18:56:PM