ن لیگ اپنے بل بوتے پر سیاست کرے:بلاول بھٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب کو تجویز ہے کہ وہ پنجاب پر فوکس کریں، ہم شہید بی بی کے وعدے نبھا رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ نامکمل مشن کو مکمل کریں۔
تفصیلات کے مطابق مٹھی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ کے لیے مشکلات ہیں اس لیے انہیں تجویز دی گئی کہ دوسرے صوبوں میں بھی جائیں، ٹھیک یہ ہو گا کہ ن لیگ اپنے بل بوتے پر سیاست کرے، آج بھی ایک فیلڈ بنائی جا رہی ہے لیکن پیپلز پارٹی ہر پچ پر کھیلنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، یہ پہلا الیکشن ہو گا جس میں پیپلز پارٹی کا کسی ادارے سے کوئی جھگڑا نہیں،سابق وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ہم نے تھر میں کام کر کے غلط الزامات اور پروپیگنڈے کو ناکام کر دیا، غربت اور بے روزگاری کے مسائل تو ہیں، ان سے انکار نہیں کیا جا سکتا، قائدِ عوام اور بینظیر بھٹو کے وفادار آج میرا ساتھ نبھا رہے ہیں، تھر میں خواتین اور بچوں کی شرح اموات میں 50 فیصد کمی آئی ہے، تھرپارکر میں پہلے ڈاکٹر نہیں ہوتے تھے۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمارا پلان ہے تھرپارکر سے کراچی تک ریلوے لائن قائم کرنی ہے، ریلوے لائن کا فائدہ تھر کے کوئلے کو مارکیٹ تک پہنچانا ہے، آر او پلانٹ صوبے اور وفاق کے اختلاف کی وجہ سے سست روی کا شکار ہوا، سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے جو مکانات کا منصوبہ شروع ہوا وہ سست روی کا شکار ہوا، وفاقی حکومت سے جھگڑا رہا ہے کہ یہاں کی رائلٹی یہاں کی عوام پر خرچ ہونی چاہیے، رائلٹی کا کام ہماری حکومت ختم ہونے کی وجہ سے نہیں ہو سکا،لوگ بچوں کی ضرورت پوری نہیں کر پا رہے، خودکشیاں کر رہے ہیں، یہ پاکستان کے سیاستدانوں اور حکمرانوں کے لیے شرمندگی کی بات ہے، اسلام آباد اور عوام کے درمیان ایک بہت بڑا فاصلہ ہے، اسلام آباد میں بیٹھنے والوں کو زمینی حقائق کے بارے میں کم معلوم ہے، ہم دائیں بائیں نہیں دیکھتے، ہم عوام کی طرف دیکھتے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی، معاشی بحران تھا، خارجہ سطح پر پاکستان کو تنہا کیا گیا، وقت کے مطابق پی ڈی ایم کے ساتھ حکومت بنانا درست فیصلہ تھا، ہم ابھی الیکشن کی طرف جا رہے ہیں، خواہش ہو گی کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بنے، لیول پلیئنگ فیلڈ پیپلز پارٹی کو کبھی نہیں ملی،بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ وفاق اور صوبے میں حکومت ہو، ادارے ساتھ ہوں اور آپ ضمنی الیکشن سے بھاگ جائیں، کیا آپ نے پہلے یہ سیاست دیکھی ہے، میں نے نہیں دیکھی، بلدیاتی الیکشن سے بھاگے، پتہ نہیں کیا خوف تھا، مسلم لیگ ن کو پہلے بلوچستان پر فوکس کرنا چاہیے تھا، ہمیں پی ڈی ایم سے نکالا گیا، ہم پر تنقید کی گئی کہ باپ سے ووٹ کیسے لیے، اگر کل باپ پارٹی بری تھا تو آج بھی بری ہو گی، ایسا ہی نتیجہ میاں صاحب کے دورے میں نکلے گا۔