(24 نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر عبدالرزاق ، بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے پر نا مناسب تبصرہ کرنے پر تنقید کی زد میں آگئے۔
تفصیلات کے مطابقعبدالرزاق نے گزشتہ روز ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران ایشوریا رائے کی مثال دیتے ہوئے ان کےحوالے سے نامناسب بات کہی، جس کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی،وائرل ہونے والی ویڈیو کلپ میں عبدالرزاق کو کرکٹرز کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔، جس میں انہوں نے اداکارہ ایشوریا رائے سے متعلق غیر مناسب تبصرہ کر کے سوشل میڈیا کو اپنے خلاف کرلیا۔
وائرل ویڈیو میں ان کے ہمراہ سٹیج پر سابق کپتان شاہد آفریدی اور فاسٹ باؤلر عمر گل بھی موجود ہیں،عبدالرزاق کرکٹرز کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کسی بھی معاملے کو اس وقت ہی بہتر کیا جا سکتا ہے جب کہ مسئلے کو حل کرنے کی نیت کرلی جائے،انہوں نے کہا کہ اگر کسی مسئلے کو حل کرنے کی نیت ہوگی تو وہ مسئلہ حل ہوگا،ساتھ ہی عبدالرزاق نے مثال دی کہ اگر آپ کی نیت ہوگی کہ آپ ایشوریا رائے سے شادی کرلیں اور پھر وہاں سے نیک بچہ پیدا ہو تو یہ نہیں ہوسکتا۔
عبدالرزاق کی جانب سے ایشوریا رائے کا نام لینے اور ان کے حوالے سے نامناسب بات کہنے پر سابق کرکٹرز شاہد آفریدی اور عمر گل بھی مسکراتے اور تالیاں بجاتے ہیں، یہ مذکورہ ایونٹ چند روز قبل کراچی میں منعقد کیا گیا تھا، جہاں 2009 کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فاتح قومی ٹیم کو بلایا گیا تھا۔
عبدالرزاق کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور زیادہ تر لوگوں نے ان کی ذہنیت پر حیرانی کا اظہار کیا کہ کس طرح ایک سابق کرکٹر اتنی کم عقلی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ عبدالرزاق انٹرنیشنل کرکٹر رہے ہیں، انہوں نے دنیا کے درجنوں ممالک کے دورے کیے اور وہ ہر رنگ، نسل اور صنف سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملے لیکن اس کے باوجود انہوں نے ایشوریا رائے کا نام لے کر نامناسب بات کہی، جس پر حیرانی ہوئی۔
بعض افراد نے عبدالرزاق کی بات پر ہنسنے اور تالیاں بجانے پر شاہد آفریدی اور عمر گل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
لوگوں کی تنقید کے بعد عمر گل نے ایک ٹوئٹ پر کمنٹ کیا کہ انہوں نے اور شاہد آفریدی نے عبدالرزاق کی بات سے اتفاق کرکے تالی نہیں بجائی،انہوں نے مزید لکھا کہ وہ اپنے سابق کرکٹر ساتھی کی بات سے اتفاق نہیں کرتے اور کسی کے خلاف بھی نامناسب بات نہیں کرنی چاہیے اور خصوصی طور پر تب جب کوئی بحث کے دوران موضوع ہی نہ ہو۔
تاہم صارفین نے عمر گل کو یاد دلایا کہ وہ ویڈیو میں عبدالرزاق کی بات پر نہ صرف تالیاں بجاتے نظر آتے ہیں بلکہ وہ مسکراتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں لیکن اب وہ معصوم بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔